0
Friday 9 Dec 2011 13:15

خانہ و مردم شماری میں کی جانیوالی بے قاعدگیوں کا نوٹس نہ لیا گیا تو انتخابی عمل بے معنی ہوکر رہ جائے گا، محمد حسین محنتی

خانہ و مردم شماری میں کی جانیوالی بے قاعدگیوں کا نوٹس نہ لیا گیا تو انتخابی عمل بے معنی ہوکر رہ جائے گا، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ خانہ و مردم شماری کے اعداد و شمار پر ہی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کا انحصار ہوتا ہے اگر یہ عمل شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ نہ ہو تو ملک کی تعمیر و ترقی کا کوئی نقشہ مرتب نہیں کیا جاسکتا مگر بدقسمتی سے پاکستان میں خانہ و مردم شماری کے دونوں عمل کو مشکوک بنادیا گیا ہے۔ سندھ میں خانہ و مردم شماری میں بدترین بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔ ایک جماعت نے خانہ و مردم شماری کے پورے عمل کو ہائی جیک کرکے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، جس کی نشاندہی جماعت اسلامی نے بار بار متعلقہ حکام کو کی مگر اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، اب خود حکومت سندھ نے مردم شماری پر اپنے تحفظات کا اظہار کرکے ہمارے موقف کو سچ ثابت کردیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں اندراج کے تصدیقی عمل کے اعلان کے باوجود تصدیق کا عمل مکمل نہیں کیا گیا جب کہ ووٹر لسٹوں کے اندراج میں بھی بدترین دھاندلی کی گئی اور ووٹر لسٹوں کو عملاً انجرڈ بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں کی درستگی کے ساتھ ساتھ مردم شماری میں کی جانے والی بے قاعدگیوں کا نوٹس نہ لیا گیا تو انتخابی عمل بے معنی ہوکر رہ جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا کہ خانہ شماری و مردم شماری کے ساتھ ساتھ ووٹر لسٹوں کی تیاری میں سیاسی جماعتوں کی مداخلت کو یکسر بند کیا جائے ایسے اقدامات کئے جائیں کہ قومی اہمیت کی حامل مردم شماری و خانہ شماری کا عمل تمام شکوک و شہبات سے پاک ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 120777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش