0
Wednesday 14 Dec 2011 12:22

این آر او عملدرآمد کیس میں نیا حکم جاری، سپریم کورٹ نے صدر، وزیراعظم سے جواب طلب کر لیا

این آر او عملدرآمد کیس میں نیا حکم جاری، سپریم کورٹ نے صدر، وزیراعظم سے جواب طلب کر لیا
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے این آر او عملدرآمد کیس میں نیا حکم جاری کرتے ہوئے صدر، وزیراعظم، چیئرمین نیب، صوبائی گورنرز اور دیگر سے اس پر اڑھائی ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 16 دسمبر 2009ء کو این آر او کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم جاری کیا تھا، اس بارے میں نظرثانی کی اپیلوں کو 8 دسمبر 2011ء کو بھی خارج کرتے ہوئے سابقہ حکم برقرار رکھا گیا، عدالتی حکم میں صدر اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹریز، چیئرمین نیب، صوبائی گورنرز، داخلہ اور قانون کے سیکریٹریز، وفاقی اور صوبائی پولیس سربراہان ،اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرلز سے جواب مانگا گیا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ این آر او کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد آرڈر میں جو کہا گیا تھا اس پر مکمل عمل درآمد اب تک کیوں نہیں ہوا، عدالت نے سولہ دسمبر 2009ء کے فیصلے میں لکھا تھا کہ پرویز مشرف دور میں جاری ہونے والے این آر او سے بند ہونے والے تمام مقدمات بحال کئے جائیں، ان میں سوئس کیسز بھی شامل ہیں، عدالتی احکامات پر دیگر ہزاروں مقدمات کی حد تک تو عمل کیا گیا، لیکن صدر آصف زرداری سے متعلقہ سوئس کیسز کو بحال کرنے کیلئے خط نہیں لکھا گیا، این آر او عملدرآمد کیس کی گزشتہ سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی تھی جبکہ سوئس کیسز کو خط لکھنے کے عدالتی حکم پر پیروی نہ ہونے کہ وجہ سے چیئرمین نیب کے عہدے سے نوید احسن، پراسیکیوٹر جنرل دانشور ملک، ڈپٹی پراسیکیوٹر عبدالبصیر قریشی فارغ ہو گئے تھے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے این آر او عمل درآمد کیس میں نیا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم گیلانی اور تمام صوبوں کے گورنرز سے جواب طلب کر لیا ہے۔
سپریم کورٹ نے این آر او عمل درآمد کیس میں نیا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ 16 دسمبر 2009ء اور 8 دسمبر 2011ء کے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے این آر او عمل درآمد کیس میں جاری کئے گئے نئے حکم نامے میں تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ این آر او عمل درآمد کیس پر صدر اور وزیراعظم کے جوابات ان کے پرنسپل سیکرٹریز دیں گے۔ سپریم کورٹ نے این آر او عمل درآمد کیس میں چیئرمین نیب، صوبائی سیکرٹریز داخلہ اور قانون کے سیکرٹریز اور پولیس سربراہان کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے جوابات طلب کئے ہیں۔ کیس کی سماعت جنوری کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔

خبر کا کوڈ : 122085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش