0
Sunday 1 Jan 2012 10:05

کراچی، دہشتگردوں کی فائرنگ سے جعفریہ الائنس کے رہنما عسکری رضا جاں بحق

کراچی، دہشتگردوں کی فائرنگ سے جعفریہ الائنس کے رہنما عسکری رضا جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب فائرنگ سے پاسبان عزا جعفریہ الائنس کے رہنما عسکری رضا جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق عسکری رضا اپنے ساتھی علی مہدی کے ہمراہ کار میں جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے نیپا چورنگی کے قریب ان پر فائرنگ کر دی، جس سے دونوں زخمی ہو گئے، انہیں آغا خان اسپتال پہنچایا گیا، جہاں عسکری رضا دوران علاج دم توڑ گئے۔ اس دوران اسپتال کے باہر جمع کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، پولیس اور رینجرز کی سخت سکیورٹی میں عسکری رضا کی میت کو انچولی پہنچا دیا گیا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق گلشن اقبال میں ہفتے کی شام کار پر فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا عسکری رضا نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، جسکی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ 
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے رہنما لشکر جھنگوی کی ہٹ لسٹ پر تھے، ان کو سرجانی ٹائون می قتل کے ایک جعلی مقدمے میں نامزد کروایا گیا جس کے بعد وہ عدم ثبوت کی بنا پر رہا ہو گئے۔ پولیس کے مطابق عسکری رضا کی ہلاکت کی اطلاع پر رضویہ سوسائٹی، ملیر جعفر طیار سوسائٹی، انچولی سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی۔ واضح رہے کہ کار پر فائرنگ کے واقعے میں عسکری رضا کے ہمراہ علی مہدی زخمی ہوا تھا جو نجی اسپتال میں زیر علاج ہے، ذرائع کے مطابق عسکری رضا کے ساتھی کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی زخمی ہوا ہے۔ گلشن اقبال پولیس نے کار پر فائرنگ کرنے والے ملزم ہونے کے شبے میں شہر کے اسپتالوں میں زیر علاج فائرنگ کے زخمی افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ 

پولیس نے عباسی شہید اسپتال سے فائرنگ کے زخمی دانش کو حراست میں لے لیا۔ مذکورہ نوجوان ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر زخمی ہوا تھا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے سول اسپتال میں پیپر مارکیٹ میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے عمران ولد اسماعیل کو بھی گھیر لیا اور اس سے ایک گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کے بعد پولیس ناکام واپس چلی گئی۔ دریں اثناء پاسبان اعزا کے سربراہ ایس ایم حیدر نے پریس ریلیز میں کہا کہ عسکری رضا کی شہادت ملت جعفریہ کیلئے بہت بڑا سانحہ ہے۔ ہم ایک عظیم کارکن سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکری رضا کا مشن جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 126659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش