0
Tuesday 31 Jan 2012 22:47

امریکہ کی ناراضگی کو ایک طرف رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے ایران سے گیس اور بجلی کے معاہدے کئے، قمر زمان کائرہ

امریکہ کی ناراضگی کو ایک طرف رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے ایران سے گیس اور بجلی کے معاہدے کئے، قمر زمان کائرہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی ناراضگی کو ایک طرف رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے ایران سے گیس اور بجلی کے معاہدے کئے۔ جس کی ماضی میں کسی حکومتوں کو ہمت نہیں ہوئی۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے 3400 میگاواٹ بجلی قومی گریڈ میں شامل کی۔ مگر ہر سال 1500 میگا واٹ کی طلب بڑھنے کی وجہ سے 4000 میگاواٹ کی قلت برقرار ہے جو حکومت کی تشکیل کے وقت موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسی سال لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میمو سکینڈل میں کوئی جان نہیں تھی۔ پاک امریکہ تعلقات پر پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات مرتب ہو رہی تھیں اور میڈیا میں اس پر بحث مباحثے جاری تھے۔ مگر بدنام زمانہ جھوٹے امریکی شہری منصور اعجاز کے ذریعے میمو سکینڈل شروع کر کے پورے ملک کو ہیجان میں مبتلا کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میمو کی موجودگی سے حکومت، حسین حقانی اور عسکری اداروں میں سے کسی نے انکار نہیں کیا مگر حقائق کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس پر غور کرنا چاہیے کہ اس سے فائدہ کس کو ہوا کیونکہ نیٹو سپلائی کی معطلی اور امریکہ سے تعلقات پر نظر ثانی کے مسئلے پر قوم میں اتفاق رائے پیدا ہو چکا تھا۔ کہ یکدم میڈیا کی توجہ کا مرکز میمو سکینڈل بنادیا گیا۔ 

قمر ز مان کائرہ نے کہا کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے امریکہ سے تعلقات پر سفارشات مرتب کر لی ہیں۔ جنہیں بہت جلد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی 2 مئی 2011ء کو ہلاکت پر حکومت کی کمزوری پر فوج کے خلاف امریکہ سے مدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا کیونکہ اسامہ بن لادن کی موجودگی کی اطلاع اور امریکی حملے کو روکنا انٹیلی جنس ایجنسیوں اور فوج کی ذمہ داری تھی، حکومت اور پارلیمنٹ کی نہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری کے عمل کو صاف شفاف بنانا چاہتے ہیں۔ تاکہ عوامی نمائندگی کے چنائو کا مرحلہ تکمیل تک پہنچے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ بیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے الیکشن کمیشن کی تشکیل سپریم کورٹ کا حکم اور آئینی ضرورت ہے۔ اس کی مخالفت کا مطلب حکومت نہیں، پارلیمنٹ کی مخالفت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) حامد علی مرزا کی مدت عہدہ اسی سال مارچ میں ختم ہو رہی ہے۔ نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔ 

قمر زمان کائرہ نے پنجاب میں جعلی ادویات کے استعمال سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی مخالفت صرف پنجاب کر رہا ہے۔ باقی تینوں صوبے متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ادویات ساز کمپنیوں کو صرف لائسنس جاری کرتی ہے لیکن ڈرگ انسپکٹرز کے ذریعے معیار کو چیک کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے مسئلے کا سامنا تھا جو حکومت اور فوج کے تعاون سے کافی حد تک کم ہو گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 134553
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش