0
Saturday 4 Feb 2012 19:53

کالعدم تنظیموں کیخلاف پابندی، پولیس نے عملدرآمد نہ کیا تو ایف آئی اے ایکشن لے گا، رحمان ملک

کالعدم تنظیموں کیخلاف پابندی، پولیس نے عملدرآمد نہ کیا تو ایف آئی اے ایکشن لے گا، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہےکہ کالعدم تنظیموں کے خلاف پابندی پر پولیس نے عملدرآمد نہ کیا تو ایف آئی اے ایکشن لے گا۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک جلسے میں کالعدم تنظیم کے دو ارکان کے اچانک منظر عام پر آنے پر متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک اعلٰی افسر کے خلاف انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔

کالعدم تنظیموں پر پابندی کے خلاف عملدرآمد نہ ہونے کے حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کے زیرنگرانی ایک اعلٰی سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پولیس نے کالعدم تنظیموں پر پابندی کے حوالے سے قانون پر عملدرآمد نہ کیا تو پھر ایف آئی اے ایکشن لے گا۔ رحمان ملک نے کہا کہ جن تنظیموں پر پابندی ہے ان کے رہنما ایک دوسرے کے خلاف بولنا بند کر دیں ورنہ اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کا دشمن ہے وہ میرا دشمن ہے اور میں بلاخوف ان کے خلاف کارروائی کرتا اور کراتا ہوں گا۔ میرے خلاف اسکینڈل بنانے کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں لیکن میں ڈرنے والا نہیں۔ جشن عید میلادالنبی کے حوالے سے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کے جلوسوں کی باقاعدہ اجازت ہے مگر کالعدم تنظیموں کے ارکان کسی کے خلاف تقریریں نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 135410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش