0
Tuesday 28 Feb 2012 10:15

اسرائیل نے ایران پر حملے کی غلطی کی تو عالمی جنگ چھڑ جائے گی، سیاسی ماہرین

مسلم ممالک حملہ روکنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں، مذہبی رہنماء
اسرائیل نے ایران پر حملے کی غلطی کی تو عالمی جنگ چھڑ جائے گی، سیاسی ماہرین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سیاسی ماہرین اور مذہبی قائدین کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران پر حملہ نہیں کرے گا البتہ اسرائیلی حملے کا خدشہ ہے جبکہ مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ مسلم ممالک حملہ روکنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔ ایک اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ امریکہ ایران پر حملہ نہیں کرے گا، وہ صرف ڈرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسرائیل نے ایران پر حملے کی غلطی کی تو عالمی جنگ چھڑ جائے گی۔ موجودہ حالات میں امریکہ ایران کو کمزور کرنے کے لئے شام پر حملہ کرے گا۔ امریکہ میں یہ الیکشن کا سال ہے اس لئے یہودی اوباما پر دبائو ڈال کر ایران کے خلاف کارروائی کرانا چاہتے ہیں، یہ اوباما کے لئے بے حد مشکل وقت ہے۔ 

امریکہ میں سابق سفیر عابدہ حسین نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کو ایران کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے اور اس کی ہر سطح پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران پر حملہ نہیں کرنا چاہتا، زیادہ امکان اسرائیلی حملے کا ہے کیونکہ امریکہ کو پتہ ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں جواب بہت شدید ہو گا۔ 

سابق سفیر جاوید حسین نے کہا کہ پاکستان کو ایران پر امریکہ یا اسرائیلی حملے کی بھرپور مخالفت کرنا چاہیے اور ایک قدم آگے بڑھ کر امریکہ سمیت عالمی برادری کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ 

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین حاجی فضل کریم نے کہا کہ ایران پر امریکی حملہ کی تیاریاں تشویش ناک ہیں۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور امن پسند قومیں امریکہ کو روکنے کے لئے کردار ادا کریں۔ 

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سپر پاور کے زعم میں مبتلا امریکہ کو ایران پر حملے سے روکنے کے لئے دنیا بھر کے مسلمان مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔ 

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مسلم ممالک متحد نہ ہوئے تو امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا شیطانی اتحاد ثلاثہ ایک ایک کر کے تمام مسلمان ممالک کو تباہ کر دے گا۔ 

نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے کے نتیجہ میں خطہ میں بتاہ کن اثرات ہوں گے۔ 

جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلٰی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ عراق اور افغانستان کی طرح ایران میں بھی امریکہ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

عالمی تنظیم اہلسنت کے امیر اور سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ایران پر حملہ امریکہ کو مہنگا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 141411
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش