0
Thursday 8 Mar 2012 13:59

فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان کی ملتان میں مذہبی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں

فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان کی ملتان میں مذہبی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے ملتان میں مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں اور انہیں گلوبل مارچ ٹو یروشلم کے مقاصد کے حوالے سے بریفنگ دی، صابر کربلائی نے جن رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں ان میں تحریک منہاج القرآن ملتان کے ناظم میجر محمد اقبال، مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مولانا اقتدار حسین نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے ارشد نیازی، جماعت اسلامی ملتان کے نائب امیر ڈاکٹر حفیظ انور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے رہنماء رضا جعفری شامل ہیں۔ 

اس موقع پر مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے ترجمان کو یقین دہانی کرائی کہ ملتان میں عالمی مارچ کے شرکاء کو خوش آمدید کہا جائے گا، مذہبی رہنمائوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ہم سب کا مسئلہ ہے، جو بھی اپنے آپ کو انسان اور مسلمان کہتا ہے اس کا دل بیت المقدس کی آزادی کے لیے بے قرار ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مولانا اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ عالمی مارچ برائے آزادی القدس کے شرکاء کی میزبانی ہمارے لیے باعث فخر ہے، تحریک منہاج القرآن ملتان کے ناظم میجر محمد اقبال نے کہا کہ 11 مارچ کو پورا ملتان عالمی مارچ برائے آزادی القدس کے شرکاء کو خوش آمدید کہے گا۔
 
جماعت اسلامی ملتان کے نائب امیر ڈاکٹر حفیظ انور نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر آواز بلند کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ صابر کربلائی نے اسلام ٹائمز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارچ برائے آزادی القدس کے شرکاء 11 مارچ کو لاہور سے ملتان پہنچیں گے، جہاں تمام دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان ان کا شاندار استقبال کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 143950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش