0
Friday 9 Mar 2012 19:09

جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام امریکی فوجیوں کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف یوم احتجاج

جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام امریکی فوجیوں کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف یوم احتجاج
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیراہتمام افغانستان میں امریکی فوجیوں کے ہاتھوں قرآن مجید کی بے حرمتی کے سانحہ کے خلاف ملک گیر ’’یوم احتجاج‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر کی مساجد میں حرمتِ قرآن کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے سانحہ کے خلاف قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ یوم احتجاج کے موقع پر جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے اتفاق مسجد لاہور میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی اسلامیانِ عالم کی غیرت کے لیے عظیم چیلنج ہے، حکومت گستاخ ممالک سے تعلقات ختم کرے اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

جماعت اہلسنّت کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کو جلانے والوں نے مسلمانوں کے دل جلائے ہیں، تمام مسلم ممالک متحد ہو کر امریکہ سے احتجاج کریں۔ علامہ شاہ تراب الحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے قرآن پاک کی بے حرمتی جیسے سانحے رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان قرآن مجید کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں گے۔

یوم احتجاج کے موقع پر لاہور میں مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سید شمس الدین بخاری، پروفیسر عبدالعزیز نیازی، مولانا قاری فیروز صدیقی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد حنیف چشتی، نارووال میں علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں علامہ فضل جمیل رضوی، ہری پور میں علامہ بشیر مصطفوی، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، میاں چنوں میں علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، منڈی بہاؤ الدین میں پیر سید خضر حسین شاہ، ڈسکہ میں علامہ قاری خالد محمود، کامونکی میں الحاج شیخ امجد علی چشتی نے اجتماعات سے خطاب کیا اور احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔
خبر کا کوڈ : 144211
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش