0
Thursday 8 Mar 2012 15:00

وحیدہ شاہ کو نا اہل قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ثروت اعجاز قادری

وحیدہ شاہ کو نا اہل قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹر لسٹوں کی عدم تیاری انتخابات کو مشکوک بنانے کے مترادف ہے۔ ٹنڈو محمد خان PS-53 وحیدہ شاہ کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف الیکشن کمیشن مضبوط ہوگا بلکہ جمہوری حقیقی عوامی قوتوں کو ایوانوں میں آنے کا موقع ملے گا۔ حکومت اور عدلیہ عظمیٰ آئین و قانون کی بالادستی ہر حال میں قائم رکھنے کیلئے امیر، غریب سب کو یکساں انصاف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ آج پہلی مرتبہ الیکشن کمیشن نے جرات مندانہ اقدام کیا ہے جو کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے خوش آئند عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر سنی تحریک کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا اہم ستون ہے جس کی وجہ سے آج پہلی مرتبہ الیکشن کمیشن رولز آف لاء کے تحت جرات مندانہ فیصلہ کرسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ PST میڈیا پر کسی بھی قسم کی قدغن کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب آئندہ ہونے والے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے حکومت، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن اور میڈیا کو اپنا مین رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ایسی پالیسی مرتب کرنی چاہیے کہ جو جماعتیں عسکری ونگ رکھتی ہیں اور بندوق کی نوک پر پورے پولنگ اسٹیشن کو یرغمال بناکر جعلی ووٹ بھگتاتی ہیں ان کے اس منفی عمل کو روکنے کیلئے اقدامات کرے وگرنہ وہ قوتیں ایوانوں میں چلی جاتی ہیں جو عوام کے مسائل کے حل کیلئے کام نہیں کرتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا بااختیار ہونا ہی حقیقی جمہوریت کی ضمانت ہے۔ پاکستان سنی تحریک عوام کے حقیقی نمائندوں کو ایوانوں میں دیکھنا چاہتی ہے جو عوام کے مسائل کا حل اور ملک کی خدمت کرنے کیلئے پر عزم ہیں ماضی میں ایسی قوتوں کوہمیشہ طاقت کے زور پر پیچھے دھکیلا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا موجودہ وحیدہ شاہ کیس فیصلہ جمہوریت کو مضبوط اور انصاف کی بالادستی کو قائم رکھنے کی طرف اہم قدم ہے۔
خبر کا کوڈ : 143967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش