0
Friday 16 Mar 2012 15:32

سابق ڈکٹیٹر کا ساتھ دینے پر قوم سے معافی مانگتی ہوں، ماروی میمن

سابق ڈکٹیٹر کا ساتھ دینے پر قوم سے معافی مانگتی ہوں، ماروی میمن
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی رہنماء ماروی میمن نے کہا ہے کہ میں نواز شریف اور پرویز مشرف کے درمیان پل کا کردار ادا نہیں کر رہی بلکہ میں سابق ڈکٹیٹر کا ساتھ دینے پر قوم سے معافی مانگتی ہوں، کراچی میں مخصوص مائینڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہوگا تاکہ کراچی میں سب کو سیاسی سرگرمیوں کا حق مل سکے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے کیماڑی میں سابق ٹاؤن ناظم ہمایوں خان کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ ( ن ) کے سیکرٹری جنرل سلیم ضیاء، لالہ میر حسن، ڈاکٹر تاج محمد خان، ہمایوں خان، آصف خان، بلال اعجاز شفیع، راجہ خلیق الزمان انصاری، حامد علی بھنڈ، غلام مصطفےٰ، زاہدہ بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔

ماروی میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) ملک کی تمام جماعتوں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے تاہم کسی کو مینڈیٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، میڈیا مینڈیٹ چوروں کو بے نقاب کرے، ووٹر لسٹوں میں بے قاعدگی، دھاندلی کی ابتداء ہے۔ نواز شریف اور پرویز مشرف کے درمیان پل کا کردار ادا نہیں کروں گی، ق لیگ کے ساتھ کام کرنے پر شرمندہ ہوں۔ ماروی میمن نے کہا کہ 88ء کی دہائی سے سندھ کا مینڈیٹ چوری کیا جارہا ہے مجھے فخر ہے کہ ن لیگ اس مشکل وقت میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا وحیدہ شاہ کی طرح مینڈیٹ ڈاکہ ڈالنے والوں کو بے نقاب کرے۔ جب سندھ کا مینڈیٹ چوری ہوگا تو پھر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری کو نہیں روکا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ نوکریاں فروخت ہورہی ہیں، کے پی ٹی میں سن کوٹے کو بحال نہیں کیا جارہا ہے جبکہ پی ایس او کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔ ادارے کھوکھلے ہورہے ہیں۔ ن لیگ سندھ میں حکومت بنائے گی تو تمام مسائل کو حل کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ماروی میمن نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ( ن ) میں نواز شریف اور پرویز مشرف کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کیلئے شامل نہیں ہوئی ہیں بلکہ مجھے افسوس ہے کہ میں نے ماضی میں ایک ایسی جماعت کے ساتھ منسلک رہی جنہوں نے سندھ کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا ساتھ دیا۔

اس موقع پر سلیم ضیاء نے کہا کہ سندھ میں لاکھوں افراد کے نام انتخابی فہرستوں سے غائب کردیئے گئے۔ الیکشن کمیشن اور نادرا کے عملے نے متحدہ کے ساتھ مل کر قبل از وقت دھاندلی کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اس معاملے پر از خود نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط انتخابی فہرستوں پر دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تیار کریں گے اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 146021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش