0
Friday 23 Mar 2012 05:01

سرائیکیوں کو اپنی شناخت کے تحت سرائیکستان چاہئے،غلام فرید کوریجہ

سرائیکیوں کو اپنی شناخت کے تحت سرائیکستان چاہئے،غلام فرید کوریجہ
اسلام ٹائمز۔ سرائیکیوں کو تقسیم کرنے والے خطے کے غدار میر جعفر اور میر صادق ہیں، جس طرح دیگر اکائیوں کی اپنی قومی شناخت اور پہچان کے مطابق ان کے صوبوں کے نام ہیں سرائیکیوں کو اسی طرح شناخت کے تحت سرائیکستان چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی اتحاد کے سربراہ خواجہ غلام فرید کوریجہ نے کوٹلہ پٹھان رحیم یار خان کے مقام پر صوبہ سرائیکستان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جس طرح اسرائیل کے وجود کو قائم رکھنے کے لئے فلسطینیوں کو محروم رکھنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں اسی طرح سرائیکیوں کو بھی ان کے خطے میں حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کپاس، گندم، گنا، چاول، سبزیاں، پھل اور یورینیم پیدا کرنے والے اس خطے کے لوگ شناخت اور حقوق سے محروم ہیں، اگر ہمیں آزادی اور شناخت کے مطابق صوبہ نہ دیا گیا تو پھر سرائیکی تخت لاہور سے آزادی حاصل کرنے کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وحیدہ شاہ کے ایک تھپڑ پر عدالت نے نوٹس لے لیا جبکہ چولستان، تھل اور دامان کے باسیوں کے حقوق غصب کرنے والے لوگوں کے بارے میں کوئی عدالت نوٹس کیوں نہیں لیتی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اصل خطرہ پنجاب کی بالادستی سے ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کا وجود خطرے میں ہے۔ 

اس موقع پر سرائیکی نیشنل پارٹی کے سربراہ عبدالمجید کانجو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج حکومتی و اپوزیشن حلقے سرائیکی سرائیکی کررہے ہیں اس سرائیکی سرائیکی میں ہم جیسے دیوانوں کی آدھی صدی لگی ہوئی ہے سرائیکستان پاکستان جغرافیے کے اندر ہے نہ کہ باہر ہے اگر پاکستان میں انصاف رکھنا ہے تو جس بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا تھا یعنی کثیر القومی ملک اسی بنیاد پرہم بھی ایک قومی شناخت رکھتے ہیں ہمارا بھی علیحدہ خطہ ہونا چاہئے، جبکہ دیگر تمام اقوام کا اپنا اپنا خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں خطہ نہ دیا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں مزید پنجاب کی غلام بن جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 147488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش