0
Tuesday 10 Apr 2012 06:26

پرنس روڈ کوئٹہ فائرنگ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری سمیت 6افراد شہید

پرنس روڈ کوئٹہ فائرنگ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری سمیت 6افراد شہید
اسلام ٹائمز۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کوئٹہ میں پرنس روڈ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ٹی این ایف جے بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر قزلباش سمیت چھ افراد کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ہم حسینی ہیں شہادت ہماری میراث ہے۔ قتل و غارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی دین و وطن کی محبت ہمارے دلوں سے کم کی جاسکتی ہے۔ 

شبیر قزلباش کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی کو ترجیح دی اور اسی مقصد کیلئے اپنی جا ن کا نذرانہ پیش کردیا۔ انہوں نے تحریک کے کارکنان کو صبر و تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ قوم و ملک کی سلامتی ہمیں ہر شے سے عزیز ہے۔ اللہ صابرین کے ساتھ ہے اور آخری فتح بھی صابرین کی ہے ظلم و بربریت نے مٹ جانا ہے اور مظلومین نے ضرور فتح و نصرت سے ہمکنار ہونا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکمران ایک لاش کے بعد زبانی مذمت کرکے دوسری لاش کا انتظار شروع کر دیتے ہیں، ملک کا کوئی حصہ اور شعبہ محفوظ نہیں رہا جبکہ سیکورٹی فورسز کے ہزاروں جوان اپنی جان قربان کر چکے ہیں، لیکن دہشت گردی تھمنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو رہا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حکمرانوں اور لیڈران کو صرف اقتدار سے پیار ہے جو بقائے اقتدار اور حصول اقتدار کیلئے آسمان سر پر اٹھائے ہوئے ہیں، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے دھڑلے سے بیانات داغتے رہتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری سطح پر دو درجن کے قریب دہشت گرد گروپوں کو ممنوع قرار دیا تھا مگر وہی عناصر اصل اور نئے ناموں سے کام کر رہے ہیں، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا، فورموں، کانفرنسوں اور سرکاری اجلاسوں میں بھی وہی حکمرانوں کے دائیں بائیں نظر آتے ہیں جو دوغلی پالیسی اور قول و فعل کا تضاد ہے۔

آقای موسوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جب تک سیاست سے منافقت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور عدلیہ تمام سانحات کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن تشکیل دے۔ آقای موسوی نے شہید شبیر حسین قزلباش کی قومی و دینی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب کی تاسی میں محنت مزدوری کرتے تھے اُن کا نام مشن ِ ولاء و عزا کے ساتھ ہمیشہ جاوداں رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 151967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش