0
Friday 13 Apr 2012 00:28

پاکستان کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، رضا ربانی

پاکستان کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، رضا ربانی
اسلام ٹائمز۔ سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاک امریکہ تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کے لئے بنائی گئی قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پیش کر دی گئیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ میاں رضا ربانی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سفارشات کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں خارجہ اور قومی سلامتی پالیسیاں اسٹیبلشمنٹ کے کنٹرول میں رہیں۔ نئی پالیسی سے شفافیت اور احتساب کا نیا دور شروع ہو گا۔
 
میاں رضا ربانی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی زمینی اور فضائی حدود سے نیٹو سپلائی کے ذریعے اسلحہ لے کر نہیں جایا جائے گا۔ امریکی فوجیوں کی پاکستانی سرزمین پر موجودگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ امریکہ کی پاکستان میں موجودگی پر نظرثانی کی جائے گی۔ پاک امریکہ تعلقات باہمی احترام پر مشتمل ہونگے۔ سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو کا حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی تھا جس میں ہمارے 24 فوجی جوان شہید ہو گئے تھے۔ سلالہ چیک پوسٹ حملے پر غیر مشروط معافی مانگی جائے اور حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ 

قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پیش کرتے ہوئے میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی سے متعلق کوئی زبانی معاہدے نہیں ہونگے۔ ماضی میں امریکہ اور نیٹو کےساتھ کئے گئے تمام زبانی معاہدے ختم کئے جائیں۔ پاکستان خطے سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنے عزم پر قائم ہے۔ امریکہ کو ڈرون حملوں پر نظرثانی کرنا ہو گی۔ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات میں واضع کیا گیا ہے کہ پاکستان اپنے ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 152788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش