0
Sunday 15 Apr 2012 23:01

سانحہ گیاری، مزید سلائیڈنگ کیوجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات

سانحہ گیاری، مزید سلائیڈنگ کیوجہ سے ریسکیو  آپریشن میں مشکلات
اسلام ٹائمز۔ سیاچن کے دفاعی محاذ گیاری سیکٹر میں برفانی تودہ گرنے سے متاثرہ مقام پر برف کی مزید سلائیڈنگ کی وجہ سے سخت موسمی حالات میں امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، ریسکیو آپریشن میں کھدائی کیلئے دھماکہ خیز مواد کا استعمال بھی شروع کردیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق متاثرہ مقام پر موسم کی سختی اور شدید مشکل حالات کے باوجود، ریسکیو میں مصروف جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنا کام دن رات جاں فشانی سے کررہے ہیں۔
 
اس عمل میں تمام دستیاب انسانی اور مشینی وسائل کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے، تودہ گرنے والے مقام پر تلاش کی گئی نئی جگہ پر کھدائی کا سلسلہ بھی جاری ہے، تودے تلے دبے ایک اہم مقام تک پہنچنے کیلئے سخت ملبے میں پہلی بار دھماکہ بھی کیا گیا تاکہ کھدائی کا عمل آسان ہوسکے۔ مطلوبہ مقام تک پہنچنے کیلئے سرنگ کی کھدائی بھی جاری ہے جبکہ دیگر مقامات پر ایکسکویٹرز کے ذریعے کھدائی بھی مسلسل جاری ہے، پہلے مقام پر ایک سو پندرہ فٹ گہرائی تک کھدائی کے بعد رہائشی مقام تک رسائی کیلئے ایک سو تیس فٹ لمبی اور تین میٹر قطر کی سرنگ پر کام شروع ہو چکا ہے اور دوسرے مقام پر سو فٹ تک کھدائی کی جاچکی ہے۔
 
اس کے علاوہ چار سو پچاس میٹر طویل رسائی کا ٹریک تیار کرکے ترجیحی مقامات پر پہنچنے کیلئے برفانی تودے پر سازو سامان لے جانے کے راستے کو بہتر بنایا جا چکا ہے۔ بین الاقوامی ماہرین کی ٹیمیں جلد گیاری پہنچ جائیں گی، تھرمل امیجنگ آلات، سٹیم کیمروں، لائف ڈیٹکنگ کٹس اور حساس نوعیت کے ریڈارز سمیت جدید آلات ریسکیو آپریشن کو مزید وسعت دینے میں مدد دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 153552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش