0
Friday 27 Apr 2012 22:44

نوجوان نسل ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

نوجوان نسل ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
 اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، جنھیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نجات دلانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے، جس سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے ہر قسم کے وسائل سے مالامال کیا ہے۔ اگر ہم نوجوان نسل کو ملکی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں تو جہاں ملک دن دگنی رات چوگنی ترقی کر سکتا ہے اور دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مادرِ وطن نے جب بھی اپنی بقاء و سالمیت کے لئے قربانی مانگی ہے تو ملت جعفریہ نے اپنے سپوتوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ملک اور اسلام کے دشمن ہیں، حکومت کو اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوتے ہوئے معصوم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے دہشتگرد عناصر کے خلاف بلاتفریق اور تمام مصلحتوں سے بالا تر ہو کر کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔ گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو اس کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو یاد دلاتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ کوہستان اور چلاس میں ملوث امن دشمن عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ بیلنس کی حکومتی پالیسی معاشرے کو امن تباہ کر دے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر یہ بات کی ہے کہ ملت جعفریہ نہ صرف دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے بلکہ ہم نے ہمیشہ ملت اسلامیہ کی وحدت کے لئے کاوشیں کیں ہیں اور ہمارا ماضی اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم نے ہمیشہ آئین پاکستان کا احترام کرتے ہوئے وحدت اور پاکستانیت کی بات کی ہے۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو آئین پاکستان میں درج حدود میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی حکمرانی ترقی پذیر قوموں کو ترقی کی منازل طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل کر پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 156863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش