0
Friday 27 Apr 2012 23:23

وزیراعظم ملک و قوم کو مزید کسی امتحان میں نہ ڈالیں اور عہدہ چھوڑ دیں، نواز شریف

وزیراعظم ملک و قوم کو مزید کسی امتحان میں نہ ڈالیں اور عہدہ چھوڑ دیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی فوری مستعفی ہو جائیں اگر انہوں نے عہدہ نہ چھوڑا تو ملک گیر احتجاج کرینگے۔ وہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ لاہور میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالت سے سزا ملنے کے بعد یوسف رضا گیلانی وزیراعظم کا عہدہ اور اسمبلی رکنیت کھو چکے ہیں۔ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے کسی اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ 

میاں نواز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت کسی دوسری جماعت کا نیا وزیراعظم انہیں قبول ہے۔ انہوں نے سوئس مقدمات اور رقم کی واپسی کا مطالبہ دہرایا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ اب اپوزیشن جماعتوں اور وکلا سے رابطے ہونگے عوام تیار رہیں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو اسمبلی میں قائد ایوان کی نشست پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عدالت عالیہ سے سزا پانے کے بعد وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا عہدہ اور کابینہ ختم ہو چکی، وزیراعظم گیلانی ملک و قوم کو مزید کسی امتحان میں نہ ڈالیں اور عہدہ چھوڑ دیں۔ مسلم لیگ ن کے ہنگامی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم گیلانی سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ وزیر اعظم گیلانی نے کسی شخص سے نہیں بلکہ پاکستان کے آئین سے پاسداری کا حلف اٹھایا تھا۔ ہم پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ 

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی عوام کے خون پسینے کی کمائی اٹھا کر سوئس بینکوں میں جمع کروا دی۔ پاکستانی عوام کی لوٹی گئی رقم واپس آنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان بغیر کسی حکومت کے چل رہا ہے۔ سزا کے بعد اس حکومت کے تمام اقدامات غیر آئینی ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ گیلانی کو پارلیمانی قوانین کے خلاف تقریر کی اجازت دی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے مجرم وزیراعظم کو تقریر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سید یوسف رضا گیلانی اگر عہدہ نہیں چھوڑتے تو انھیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہم نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آئین و قانون کے تحفظ کا عزم کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے پاس احتجاج اور لانگ مارچ سمیت تمام آپشن موجود ہیں۔ عوام مسلم لیگ ن کا ساتھ دے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ يوسف رضا گيلانی جيسے لوگوں کو سزا ملنی چاہیئے، سپريم کورٹ نے انہيں پانچ سال کيلئے نااہل قرار ديا ہے، گيلانی سپريم کورٹ کا حکم مانيں اور سوئس حکومت کو خط لکھيں۔  ان کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کتنے وزيراعظم قربان کريں گے، موجودہ ملکی حالات کے ذمہ دار صدر آصف علی زرداری ہيں، لوٹی ہوئی دولت پر کوئی سمجھوتہ نہيں ہو سکتا، پورے ملک کو 6 کروڑ ڈالر کی کرپشن کی بھينٹ چڑھا ديا گيا ہے، جو کچھ حکومت چاہ رہی ہے اگر اسے کرنے ديں تو ہميں سياست کرنے کا حق نہيں۔
 
نواز شريف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو دعوت ديتا ہوں کہ تيار ہو جائيں تبديلی کا وقت آ گيا، ہميں چاہیئے کہ عدليہ اور ديگر اداروں کے تحفظ کيلئے باہر نکليں، اس صورتحال پر تمام دوستوں اور تعلقات کو چھوڑ سکتا ہوں. سربراہ ن ليگ نے سوالوں کے جواب ديتے ہوئے مزيد کہا کہ موجودہ صورتحال پر آج ہنگامی اجلاس بلا کرمشاورت کی گئی، اجلاس ميں سپريم کورٹ کے فيصلے کے مختلف پہلووں پر غور کيا گيا، پير کو اسلام آباد ميں (ن) ليگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہو گا جس ميں مزيد مشاورت کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 156874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش