0
Tuesday 1 May 2012 00:14

ملتان، اسلامی جمعیت طلباء کے گرفتار اراکین کی رہائی کیلئے احتجاجی ریلی

ملتان، اسلامی جمعیت طلباء کے گرفتار اراکین کی رہائی کیلئے احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ ملتان کے زیراہتمام پی ایس ایف کی جامعہ ذکریا میں غنڈہ گردی کے خلاف اور اسلامی جمعیت کے گرفتار کارکنان کی رہائی کیلئے چوک گھنٹہ گھر سے کچہری چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز، بینرز اور جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جن پر زرداری، گیلانی، یونیورسٹی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے، شرکاء چوک گھنٹہ گھر میں پھیل گئے اور تمام راستوں کو بلاک کردیا، ریلی کوٹلہ تولے خان کے راستے سے ہوتی ہوئی چوک کچہری پہنچی تو وہاں پر انتظامیہ کی طرف سے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ ریلی کی قیادت قائمقام ناظم صوبہ غلام سرور، شباب ملی جنوبی پنجاب کے صدر رضا قادری نے کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے غلام سرور نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہمیشہ سے ایک پرامن تنظیم ہے اور قرآن و سنت کی دعوت کو پرامن انداز میں ملک بھر کی جامعات میں پھیلا رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ جامعہ ذکریا میں پی ایس ایف کے غنڈوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکن کو درس قرآن کی پاداش میں اغواء کرکے ابوجہل اور امریکہ کے ملعون پادری کا کردار ادا کیا اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے خلاف مظاہرہ کرنے والے ساتھیوں کو سیاسی دبائو کے نتیجے میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ ہم اس سارے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جامعہ ذکریا میں پی ایس ایف کی غنڈہ گردی کا نوٹس لے، ان کا کہنا تھا کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ اسی طرح پی ایس ایف کے غنڈوں کے ساتھ ملکر جمعیت کے خلاف کارروائیاں کرتی رہے گی تو ہم اپنی صداء احتجاج کو بلند کرتے ہیں اور قرآن کی دعوت کو آئندہ بھی پھیلاتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 157907
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش