0
Thursday 17 May 2012 13:51

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی طالبعلم کے قتل کے ذمہ دار، فوری تبدیل کیا جائے، اسلامی جمعیت طلبہ

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی طالبعلم کے قتل کے ذمہ دار، فوری تبدیل کیا جائے، اسلامی جمعیت طلبہ
اسلام ٹائمز۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی ملک عارف کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ آسا کی طرف سے کلاسز کے بائیکاٹ کو مسترد کرتی ہے کیونکہ جمعیت نے طالب علم کی ہلاکت کے باوجود تعلیمی عمل کو ایک روز سے زیادہ معطل نہیں ہونے دیا۔ آسا کے نام نہاد منتخب لوگ پرامن تعلیمی ماحول کو پسند ہی نہیں کرتے اسی وجہ سے مسلسل تعلیمی عمل کے بائیکاٹ سے ہزاروں طالب علموں کے نقصان پر تلے ہوئے ہیں۔

ملک عارف نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہمیشہ سے ہی پرامن تعلیمی ماحول کی ضامن رہی ہے اور اساتذہ جن کا کام صرف اور صرف پڑھانا ہے اگر وہی لوگ تعلیمی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہیں تو یہ اپنے پیشہ کے ساتھ بہت بڑی ذیادتی ہو گی۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کسی بھی کارکن نے کسی ٹیچر پر کوئی بھی تشدد نہیں کیا اور اساتذہ کی جانب سے بے بنیاد جھوٹی سیاست اور الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ معصوم طالب علم کی ہلاکت کیونکہ انتظامیہ کی نا اہلی ہے تو اس واقعہ کے ذمہ دار وائس چانسلر اور آر۔او کو تبدیل کیا جائے۔

ملک عارف نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک سے بھی پتہ چلتا ہے کہ انتظامیہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ تلخ حقائق کو چھپانے کی غرض سے ذیادتی پر اتر آئی ہے۔ ہم صحافی برادری کے ساتھ ہونے والے واقعہ کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہماری وزیر اعلی سے بھی گزارش ہے کہ وہ تعلیمی امن کو متاثر نہ ہونے دیں اور چند یوم پہلے ہونے والی ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو گرفتار کروائیں تا کہ جامعہ کا پر امن تعلیمی ماحول جاری و ساری رہ سکے۔
خبر کا کوڈ : 162803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش