0
Friday 18 May 2012 14:29

مقتول اویس عقیل کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، لیاقت بلوچ

مقتول اویس عقیل کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی یوتھ کمیٹی کا اجلاس جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر، شباب ملی پاکستان کے مرکزی صدر عتیق الرحمن، سید وقاص جعفری، ذکر اللہ مجاہد، جاوید قصوری، محبوب الزمان بٹ، آصف لقمان قاضی، جمعیت طلبہ عربیہ کے منتظم اعلیٰ ہدایت اللہ سمیت نوجوانوں کی تنظیمات کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں امور نوجوانان سے منسلک تنظیموں کے ذمہ داران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی اصل نظریاتی، جغرافیائی طاقت نوجوان ہیں، جماعت اسلامی برسر اقتدار آ کر نوجوانوں کو روزگار اور میٹرک تک مفت تعلیم مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں نوجوان ووٹ کی اصل قوت ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شباب ملی، اسلامی جمعیت طلبہ، جمعیت طلبہ عربیہ اپنے اپنے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو اپنا ممبر بنا کر انہیں منظم کریں اور ملک بھر میں یوتھ کنونشنز، ٹیلنٹ ایوارڈ شوز اور سپورٹس میلوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرار داد میں گزشتہ دنوں پنجاب یونیورسٹی میں بے گناہ طالب علم اویس عقیل کے غنڈہ گرد عناصر کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ مقتول اویس عقیل کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، قرار داد میں یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے جامعہ میں تعلیمی بندش کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ یونیورسٹی کا ایک مخصوص طبقہ اس افسوسناک واقعہ کو اپنی سیاست کے فروغ کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، بجائے اس کے کہ یونیورسٹی انتظامیہ فہم و فراست کا مظاہرہ کرتی اور اپنی غفلت کا اعتراف کرتی، اب اس کی طرف سے طلبہ اور اساتذہ کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں جامعہ پنجاب کے اساتذہ سے اپیل کی گئی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کریں، واقعہ کی شفاف انکوائری کرائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 163006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش