0
Saturday 26 May 2012 21:53

کوئی بھی قیمت چکانی پڑے نیٹو سپلائی بحال نہیں ہونے دیں گے، دفاع پاکستان کونسل

کوئی بھی قیمت چکانی پڑے نیٹو سپلائی بحال نہیں ہونے دیں گے، دفاع پاکستان کونسل
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما سید منورحسن نے کہا ہے کہ نیٹو کی سپلائی کو بحال نہیں ہونے دیں گے، اسے روکا جائے گا چاہے اس کی کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔ نیٹو کی سپلائی بحال کرنا دشمن کو کمک فراہم کرنے کے مترادف ہے، امریکا پورے ملک کو سلالہ بنانا چاہتا ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، امریکا کے غلام حکمران پاکستان کے 18 کروڑ عوام کو سیاسی خودکشی کی جانب دھکیل رہے ہیں، 5 جون کو اکوڑہ خٹک میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں لانگ مارچ کی تفصیلات طے کی جائیں گی، اتوار 27 مئی کو کراچی میں ورکرزکنونشن ہو گا اور یکم جون کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر علامتی دھرنے دئیے جائیں گے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین کے اجلاس کے بعد ادارہ نورحق میں صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ پریس بریفنگ سے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ، سندھ کے امیر اسداللہ بھٹو، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما مفتی عثمان یار خان، پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمو داشرفی، انصار الامہ کے رہنما مولانا فضل الرحمن خلیل، تحریک دفاع پاکستان کے رہنما زاہد بختاوری، جماعت الدعوۃ کے رہنما امیر حمزہ اور مولانا یار محمد خان و دیگر نے شرکت کی۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق طبعیت کی خرابی کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے، اجلاس کی صدارت سید منورحسن نے کی۔

پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے سید منورحسن نے بتایا کہ دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس میں سندھی قوم پرستوں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی پر تشدد اور قتل وغارت گری اور نواب شاہ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم نہ کرسکے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ نوابشاہ میں جو واقعہ پیش آیا ہے اس میں پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کوئی کردار نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اکوڑہ خٹک میں واقع مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو جس بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ سراسر غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہیں، اس طرح کے واقعات پتا دیتے ہیں کہ حکومت مخالفین کو ختم کرنا چاہتی ہے، ہم حکمرانوں کے ایسے ہتھکنڈوں کو برداشت نہیں کریں گے، سیدمنورحسن نے واضح کیا کہ نیٹو کی سپلائی کے حوالے سے دفاع پاکستان کونسل کا موقف دو ٹوک اور واضح ہے ، ہم نے اعلان کیا ہے کہ نیٹو کی سپلائی کو بحال نہیں ہونے دیں گے، اسے روکا جائے گا چاہے اس کی کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو کی سپلائی بحال کرنا دشمن کو کمک فراہم کرنے کے مترادف ہے، امریکا پورے ملک کو سلالہ بنانا چاہتا ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ‘آج سپلائی کو بحال کرنے کی سازش کی جارہی ہے، امریکا کے غلام حکمران پاکستان کے 18 کروڑ عوام کو سیاسی خودکشی کی جانب دھکیل رہے ہیں، ہم نے طے کیا ہے کہ ہم لانگ مارچ بھی شروع کریں گے اور اس کی تفصیلات 5 جون کو اکوڑہ خٹک میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں طے کی جائیں گی۔ اتوار 27 مئی کو کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ (نزد اسلامیہ کالج) پر ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا جس سے دفاع پاکستان کونسل کے قائدین خطاب کریں گے جب کہ جمعہ یکم جون کو ملک کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر علامتی دھرنے دئیے جائیں گے ان دھرنوں میں بھی کونسل کے قائدین شریک ہوں گے۔ انہوں نے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف ہونے والے کنونشن اور احتجاج میں وہ بڑی تعداد میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور آئین اور قانون کی پاسداری کرنے والے لوگ ہیں اس پورے معاملے کو ہم پرامن رکھیں گے ۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ ہم نے لانگ مارچ اس لئے موخر کیا ہے کہ ہم اس ہتھیار کو مناسب وقت پر استعمال کریں گے، ہمارا اتحاد اور اتفاق ہی عوام کی کامیابی کی ضمانت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ آج امریکا جو مداخلت پاکستان میں کر رہا ہے اس میں بھارت بھی برابر کا شریک ہے، ہمیں اس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، ہم پاکستان کو انڈیا کی منڈی نہیں بننے دیں گے یہ خودمختار ملک ہے۔ پاکستان کو بھارت کیلئے راہداری کے طور پر استعمال کرنے دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 165803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش