0
Thursday 31 May 2012 00:12

کشمیر کی بیٹیوں آسیہ اور نیلوفر کو برسی کے موقع پر پُرنم آنکھوں کیساتھ خراج عقیدت

کشمیر کی بیٹیوں آسیہ اور نیلوفر کو برسی کے موقع پر پُرنم آنکھوں کیساتھ خراج عقیدت
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کی دو جواں سال عفت مآب اور پردہ نشین بیٹیوں شہیدہ آسیہ اور شہیدہ نیلوفر کو تیسری برسی کے موقع پر پُرنم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے دل آج بھی آسیہ اور نیلوفر کی بے حرمتی اور دہرے قتل کے سانحہ کے بوجھ سے چھلنی اور غمزدہ ہیں اور اس دوہرے اور وحشیانہ قتل کیخلاف کشمیری عوام خاص طور پر علاقہ شوپیاں کے باغیرت لوگوں نے جو زبردست احتجاجی تحریک چلائی تھی وہ بھی سب کی نگاہوں کے سامنے ہے۔ حریت کانفرنس نے ایک بار پھر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت نے حکومتی سطح پر ایک گہری سازش کے تحت گھناونی حرکت اور اس بھیانک قتل کی پردہ پوشی کی اورمجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا۔
 
حریت نے توقع ظاہر کی کہ قدرت کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں، مظلوم عوام باالخصوص آسیہ اور نیلوفر کے لواحقین کو ضرور انصاف فراہم ہوگا اور مجرموں کو انکے کئے کی سزاء ضرور ملے گی۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے گمشدہ افراد کی تنظیم ”اے پی ڈی پی“ کی جانب سے دنیا بھر میں جبری طور لاپتہ کئے گئے افراد کے حوالے سے عالمی ہفتہ منانے کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے علمائے کرام اور آئمہ حضرات سے اپیل کی کہ وہ گمشدہ افراد کے ساتھ عملاً یکجہتی کے اظہار کیلئے ان ایام خاص طور پر یکم جون 2012ء جمعۃ المبارک کو اسکے خلاف نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور انکی بازیابی اور باعزت رہائی کیلئے اجتماعی دعاﺅں کا اہتمام کریں۔
خبر کا کوڈ : 166943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش