0
Friday 22 Jun 2012 00:42

انتشار اور تفرقہ کو دور کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے، یاسین ملک

انتشار اور تفرقہ کو دور کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ علمائے کرام نے تمام مسلمانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن عناصر مختلف بہانوں سے سازششیں رچا رہے ہیں، جبکہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے آپسی انتشار اور تفرقہ کو دور کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم اپنی ملت کو اقوام عالم کی صف میں بلند دیکھنا چاہتے ہیں تو اتحاد اور باہمی اخوت کو فروغ دینا ہوگا، حقانی میموریل ٹرسٹ کے زیراہتمام میونسپل پارک سری نگر میں بین الاقوامی سطح کی”شان مصطفےٰ ص کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دنیا بھر سے علماء کرام نے شرکت کی۔
 
اس عظیم کانفرنس میں مدینہ شریف سے عالم سید الوی ابن سید علی شیخ بفقی، مکہ سے عالم سید محمد و احمد الوصابی، دوبئی سے عالم سید علی عبداللہ الرائس، لیبیا سے عالم سید خالد محمود بڑائی، لیبیا کے ایک اور عالم سید حمدی الیمنی، یمن سے عالم سید محمد ناجی، بھارت کی ریاست کیرلہ سے مولانا شوکت احمد بخاری، یورپ سے عالم ڈاکٹر عبدالواحد اور مولانا عبید اللہ خان عزمی کے علاوہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک اور وادی کے معروف قانون دان ظفر احمد شاہ نے شرکت کی جبکہ اس کانفرنس میں وادی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ بھی شریک تھے۔
 
اس موقعہ پر علماء کرام نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو آنحضور ص کے نقش قدم پر چلنا چاہئے اور آپ ص کی راہ پر چلنے میں ہی مسلمانوں کی بقاء ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں اسلام دشمن عناصر مختلف بہانوں سے اسلام کے خلاف سازشیں رچا رہے ہیں۔ ان کا قلع قمع کرنے کیلئے متحد ہوکر مسلمانوں کو آنحضور ص کے نقش قدم پر چلنا ہوگا اور تب ہی اسلام دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کا خاتمہ کیا جائے گا، اس موقع پر ”شان مصطفےٰ ص“ کانفرنس میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد یاسین ملک نے کہا  کہ رسول رحمت ص کی شان کریمی کا ایک بڑا طرہ امتیاز یہ تھا کہ انہوں نے سرزمین عرب کے قبائلی معاشرے جس میں کہ انتشار عروج پر تھا کو توحید کے پرچم تلے متحد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر ہم اپنی ملت کو اقوام عالم کی صف میں بلند دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں آپسی انتشار اور تفرقہ کو فرو کرکے اتحاد اور باہمی اخوت کو فروغ دینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 173177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش