0
Saturday 30 Jun 2012 18:59

قرآن و سنت کانفرنس پاکستان کا تاریخی اجتماع ہوگا، پنجاب حکومت رخنہ اندازی سے باز رہے، ایم ڈبلیو ایم

قرآن و سنت کانفرنس پاکستان کا تاریخی اجتماع ہوگا، پنجاب حکومت رخنہ اندازی سے باز رہے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ آج کی اس اہم پریس کانفرنس کا مقصد ذرائع ابلاغ کے ذریعے یکم جولائی کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع ’’قرآن و سنت‘‘ کانفرنس کے حوالے سے کئے گئے انتظامات اور شرکت کے حوالے سے چند اعلانات کے ذریعے پاکستان کے غیور عوام کو باخبر کرنا ہے۔ کل یعنی یکم جولائی کو مینار پاکستان پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ملت جعفریہ کا ایک عظیم الشان اجتماع ’’قرآن وسنت کانفرنس‘‘ کے نام سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے (کراچی تا خیبر و گلگت) پیروان قرآن و سنت کے قافلے رواں دواں ہیں اور مینار پاکستان پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

ملک بھر سے بڑی تعداد میں جید علماء کرام، ذاکرین عظام، خطباء، اسکالرز اور مرد و خواتین سمیت بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد ’’قرآن و سنت کانفرنس‘‘میں شرکت کرکے یہ ثابت کر دے گی کہ بانیان پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  رہ کی اولادیں سرزمین پاکستان پر عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل سمیت بھارت کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنے شیطانی عزائم کی تکمیل کیلئے مملکت خداداد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرے۔

قرآن و سنت کانفرنس کو روکنے کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے مختلف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، اور کانفرس کی تشہیری مہم کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے کہیں پر بینرز اتارے جا رہے ہیں تو کہیں وال چاکنگ کو مٹانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ غیر جمہوری ہیں۔ چاہئے تو یہ تھا کہ حکومت پنجاب مکمل تعاون کرتی، لیکن الٹا اس کانفرنس کو خراب کرنے کیلئے مختلف احمقانہ حرکتیں کی جا رہی ہیں، ہم پنجاب حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر کانفرنس میں کوئی بھی بدنظمی یا رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت پنجاب کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

یکم جولائی ’’قرآن و سنت کانفرنس‘‘ کا عظیم الشان اجتماع عالمی استکبار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کی مملکت خداداد پاکستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگا ’’قرآن و سنت کانفرنس‘‘ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ جلسہ گاہ (مینار پاکستان) میں شرکائے کے لئے 60,000 (ساٹھ ہزار) نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں 5 لاکھ افراد کی شرکت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

’’قرآن و سنت کانفرنس‘‘ پاکستان کا تاریخی اجتماع ہوگا، جس میں ملک کے گوشہ و کنار سے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے وسائل خرچ کرتے ہوئے عوام شرکت کریں گے۔ ہم پنجاب حکومت سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ ’’قرآن و سنت کانفرنس‘‘ کے اجتماع اور ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی سکیورٹی کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں، ایک ایسے وقت میں کہ جب لاہور میں شائع ہونے والے اخبارات میں اس طرح کی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ جس میں دہشتگردی کے حملوں کے بارے میں بات کی جا رہی ہے، پولیس اور حساس اداروں کو چاہئیے کہ کانفرنس کے سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنی دیگر برادر تنظیموں کی معاونت سے 4000 رضاکار سکیورٹی کے انتظامات کے لئے تعینات کر دئیے ہیں، تاکہ پولیس اور رضاکار باہم مل کر سکیورٹی کو مزید بہتر طور پر انجام دے سکیں اور کسی بھی شیطانی منصوبے کو ناکام بنا دیں۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ملک میں جاری دہشتگردی کے خاتمہ، ملک دشمن عناصر کے راستوں کو روکنے، دہشتگردوں کا خاتمہ، ملک کو درپیش مسائل، امریکی مداخلت، ڈرون حملوں سمیت دیگر اہم قومی امور پر روڈ میپ کا اعلان کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے علاوہ علامہ شیخ حسن صلاح الدین سربراہ شورایٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان، علامہ مرزا یوسف حسین رکن شوریٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان، علامہ شفقت حسین شیرازی سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین، مولانا عبد الخالق اسدی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین، صوبۂ پنجاب، مولانا مختار امامی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ، مولانا مقصود علی ڈومکی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان، مولانا سبیل حسین مظاہری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخواہ، مولانا شیخ نیر مصطفوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان، مولانا تصور حسین جوادی سیکرٹر ی جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں کشمیر شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 175560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش