0
Tuesday 29 Dec 2009 14:08

شہدائے کراچی کی نماز جنازہ کے موقع پر جذباتی مناظر،شہید ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہو گئی

شہدائے کراچی کی نماز جنازہ کے موقع پر جذباتی مناظر،شہید ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہو گئی
کراچی:کراچی میں یوم عاشورہ کے جلوس پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے عزاداران حسینی کی آج نماز جنازہ ادا کی گئی میں جس میں سوگواروں نے لاکھوں کی تعداد ميں جذباتی انداز میں شرکت کی۔نمازجنازہ ایم اے جناح روڈ پر اسی مقام پر ادا کی گئی جہاں عاشورہ کے جلوس پر حملہ ہوا تھا اور جس جگہ عزاداروں کو شہید کیا گیا تھا ۔اس موقع پرانتہائی جذباتی مناظر دیکھنےمیں آئے۔ نماز جنازہ سے پہلے مقررین نے شہر میں امن و امان کی برقراری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سوگواروں سے پرامن احتجاج درج کرانے کی اپیل کی اور کہا کہ سامراجی قوتوں کے ایجنٹ اور دشمنان اسلام اپنے اس طرح کے اقدامات سے ملک کو عدم استحکام سے دوچار اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جلوس جنازہ میں شریک لاکھوں کی تعداد میں سوگـواروں نے امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور اس طرح کے واقعات کا ذمہ دار امریکی اور صہیونی ایجنٹوں کو قرار دیا۔مقررین نے واقعہ کے بعد شہر میں لوٹ مار اور جلاؤ گھیراؤ کو ایک منظم کاروائي قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پورے واقعہ میں دہشت گرد عناصر کا ہاتھ ہے اور لوگوں کی املاک کو لوٹنا بھی پہلے سے طے شدہ پروگرام کا حصہ تھا۔
 ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی کہا کہ جلوس پرحملے کے بعد عزاداران حسینی تو اپنے پیاروں کے جنازے اٹھارہے تھے جبکہ دہشت گرد عناصر لوگوں کی املاک لوٹ رہے تھے ۔آج جلوس جنازہ کے شرکاء اور رہنماؤں نے ساتھ ہی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ وہ اس دہشت گردانہ واقعہ کے ذمہ دار عناصر کو جلدسے جلد گرفتار کر کے انھیں کیفر کردار تک پہنچائے۔جلوس جنازہ کے شرکاء نے اسی طرح محرم الحرام اور صفر میں مجالس و جلوس ہائے عزا کے دوران عزاداروں کی سیکورٹی کوی قینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
سانحہ کراچی،شہدا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
کراچی:کراچی میں گذشتہ روز یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں خودکش دھماکے سے شہید ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہو گئی ہے۔ شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ بھی آج نشتر پارک میں ادا کر دی گئی۔آج شہر بھر کی فضا سوگوار ہے جبکہ حکومت سندھ نے آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کراچی میں عاشورہ کے جلوس میں خودکش دھماکے کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ادھر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی آج یوم سو گ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ آج سندھ میں عام تعطیل ہے۔چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر آج صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ خودکش دھماکے کرنے والے ملک اور اسلام کے دشمن ہیں،کوئی مذہب بے گناہوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔دہشت گردی میں ملوث عناصر کافروں سے بھی بدتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں خودکش دھماکے کے فوراً بعد گھیراوٴ جلاوٴ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو جمہوریت اور پاکستان کے دشمنوں نے بنایا تھا۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ وزیر داخلہ نے سیکورٹی کیلئے اسکینرز فراہم کرنے پر حکومت چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خبر کا کوڈ : 17597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش