0
Tuesday 17 Jul 2012 11:39

نواز شریف کشمیریوں کا سودا نہیں ہونے دیں گے، سردار عتیق

نواز شریف کشمیریوں کا سودا نہیں ہونے دیں گے، سردار عتیق
 اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ضلع اسلام آباد کی نو منتخب باڈی کی حلف برداری کی تقریب گذشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ تقریب کی صدارت صدر جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء تھیں۔ نو منتخب باڈی کے ارکان سے صدر جماعت سردار عتیق احمد خان نے حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق نے کہا کہ کارکنوں کو اپنے منشور اور نظریے کی معلومات ہونی لازم ہیں، کارکن یو سی سطح پر کمیٹیاں بنائیں۔ معاشرے میں کام کرنے کی طاقت انسان کے اندر ہوتی ہے۔ سیاست سنجیدہ کام ہے سنجیدہ کام اگر غیرسنجیدہ لوگوں کے پاس چلا گیا تو مشکل ہوگی۔ 

مسلم کانفرنس پاکستان کے دفاع کے لیے کام کر رہے ہے۔ صدر زرداری پاکستانی عوام اور کشمیری عوام میں دوریاں پیدا کرنے کے چکر میں ہیں اور پاکستان کو کھوکھلا کرنا زرداری اور پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ بھارت کو فیورٹ ملک قرار دینے کی قرار داد بدقسمتی سے مظفرآباد اسمبلی میں پیش ہوئی، زرداری کے گندے کپڑے دھونے کے لیے کرپٹ اور نااہل لوگ آزاد کشمیر کی اسمبلی میں دھوبی گھاٹ لگائے بیٹھے ہیں۔ مسلم کانفرنس پاکستانی فوج کے ساتھ مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ میاں نواز شریف ملک کے خلاف کوئی فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔ کشمیری قوم دفاع پاکستان کے لیے کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ مہرالنساء نے کہا کہ پارٹی کے لیے اور کارکنوں کی خاطر عبدالقیوم خان کے مشن کو جاری رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ بہت جلد ن لیگ مسلم کانفرنس میں ضم ہو جائے گی اور اس کی صدارت سردار عتیق احمد خان کریں گے۔ اس موقعہ پر راجہ اورنگزیب خان نے اپنے مرکزی آفس کو مسلم کانفرنس کا سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کا رکن ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
خبر کا کوڈ : 179795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش