0
Monday 23 Jul 2012 22:45

برما میں قتل و غارت پر عالمی خاموشی سنگین جرم ہے، مولانا فضل الرحمن

برما میں قتل و غارت پر عالمی خاموشی سنگین جرم ہے، مولانا فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی کے مرکزی امیر اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد بھی اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر خاموشی ایک سنگین جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مسلمانوں کو قتل عام کے ساتھ ساتھ مساجد کو بھی شہید کر دیا گیا ہے لیکن امن کے نام نہاد عالمی برادری کو انسانی حقوق تلف ہوتے ہوئے نظر نہیں آئے اور نہ ہی پا نی کی طرح بہتا ہوا خون نظر آیا کیوں کہ یو این او اور عالمی اداروں کی آنکھوں پر تعصب اور مسلم دشمنی کی پٹی بندھی ہوئی ہے۔

وہ یہاں میڈیا سیل میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ برما میں جس طرح مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ہے یہ کھلی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی ذمے داری ہے مسلمانوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر قتل عام کو رکوانے کے لیے عالم اسلام عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام نے اگر اپنے فیصلے خود نہ کیے سلامتی کونسل اور عالمی طاقتیں مسلمانوں کا خون بہنے پر ہمیشہ کی طرح تماشائی کا کردار ادا کریں گی۔

مولانا فضل الرحمن نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ملک میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے موقع پر بھی مرکزی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن حکومت کے قابو سے باہر ہو چکا ہے حالت یہ ہے کہ غریب افراد سحری اور افطاری میں اللہ تعالی کی پیدا کردہ نعمتوں سے بھی محروم ہو چکے ہیں مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور ارباب اقتدار سب اچھے کی رٹ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے شدید گرمی کے ماہ میں بھی روزہ دار لوگوں کو بھی بجلی نہ مل سکی اور حالت یہاں تک جا پہنچی کے سحری اور افطاری کے ساتھ ساتھ تراویح میں بھی قوم کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 181533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش