0
Thursday 2 Aug 2012 04:18

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر غریب طبقے پر پڑے گا، رابطہ کمیٹی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر غریب طبقے پر پڑے گا، رابطہ کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اوگرا کی جانب سے پیٹرول 7 روپے، ڈیزل 5 روپے اور سی این جی مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے ہوشربا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر غریب اور متوسط افراد پر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو عوام مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی پریشان ہیں اور اب ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے نے انہیں ذہنی اضطراب کا شکار بنا دیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگرچہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ عالمی منڈی میں حالیہ اضافے کے باعث کیا گیا ہے لیکن حکومت کو چاہئے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے عوام کو سبسڈی دے کر ایسے عوام دوست اقدامات کرے جس کے مثبت اثرات عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنا سکیں۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین سے مطالبہ کیا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور اس سلسلے میں ٹھوس اور مثبت حکمت عملی ترتیب دے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 184205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش