0
Tuesday 14 Aug 2012 22:07
سید منور حسن اور قاضی حسین احمد کا منصورہ میں تقریب پرچم کشائی سے خطاب

انجمن غلامان امریکہ نے قوم کی آزادی سلب کر رکھی ہے، سید منور حسن

انجمن غلامان امریکہ نے قوم کی آزادی سلب کر رکھی ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ 14 اگست کو پاکستان کے 66 ویں یوم آزادی کے موقع پر منصورہ میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جماعت اسلامی کے مرکزی دفاتر کی عمارت پر قومی پرچم لہرا کر تقریب کا آغاز کیا۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید منور حسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر قوم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول، ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور آزادی کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ملک و ملت کو آزادی کی حقیقی خوشی نہیں دے سکتے جو غیروں کے ذہنی غلام اور ان کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوں۔ جب تک امریکہ کی پاکستا ن کے داخلی و خارجی معاملات اور معاشی پالیسیوں میں مداخلت ختم نہیں ہوتی، ہماری آزادی ادھوری رہے گی۔ ملک میں د ہشتگردی اور بدامنی سمیت مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سب سے بڑا سبب ملکی معاملات میں امریکی دخل اندازی ہے اور حکمران جنہیں عوام کے مسائل کے حل کرنے تھے وہ امریکی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ انجمن غلامان امریکہ نے قوم کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیاں پہنا کر اس کی آزادی سلب کر رکھی ہے۔ خطے میں پاکستان کی جغرافیائی حیثیت سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو پاکستان کی مدد کے بغیر خطے میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے تھے مگر حکمرانوں نے امریکہ کو اپنے سر پر سوار کر کے قومی سالمیت اور قومی وقار کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ امریکہ روزانہ نت نئے طریقوں سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف اور شمالی وزیرستان میں آپریشن کی دھمکیاں دے رہاہے، حالانکہ حقانی نیٹ ورک کا پاکستان میں کوئی وجود ثابت نہیں کرسکا۔

سید منور حسن نے قوم کو 66 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلے یوم آزادی سے قبل ملک میں ہونے والے انتخابات میں قوم جماعت اسلامی کو منتخب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات کو ہی تبدیلی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ اپنی رہی سہی آزادی کے تحفظ کے لیے اور کشمیر، فلسطین اور برما سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خود مختار مملکت بنانے کے لیے آئندہ انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر خرابیوں کے باوجود تبدیلی کا راستہ انتخابات ہی ہیں۔ قوم ملک کو حقیقی آزادی سے محروم کرنے اور غیروں کی پالیسیوں پر چلنے والے بار بار آزمائے ہوؤں کے چنگل میں دوبارہ پھنسنے کی غلطی نہ کریں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی شکل میں اگے ہوئے گھنے جنگل سے نکلنے کا واحد راستہ خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت کے انتخاب میں ہے اور وہ صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔

سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا قیام اتفاقی یا حادثاتی نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے سالہا سال کی کوششیں اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پر اسلام کو ایک سر بلند قوت بنانے اور اللہ کی واحدانیت کا پرچم لہرانے کے لیے پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ چودہ اگست (1947) کے دن کا بھی اس لیے انتخاب کیا گیا تھاکہ وہ جمعہ الوداع کا مبارک دن اور لیلۃ القدر کی مبارک رات تھی جب پاکستان کی آزادی کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر 27 رمضان المبارک کے دن ملک بھر میں آزادی کی تقریبات ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم دشمن کے ہاتھوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ ہماری پالیسیاں اسلام اور ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے بجائے اپنے بھائیوں کے خلاف نبرد آزما اور حقیقی آزادی سے کوسوں دور ہیں۔ حقیقی آزادی کی منزل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کلمۂ توحید اور اللہ کے احکامات کے نفاذ میں ہے۔ پرچم کشائی کی تقریب سے لیاقت بلوچ اور جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مرکزی شعبہ جات کے ناظمین، کارکنان اور چھوٹے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 187547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش