0
Thursday 16 Aug 2012 18:22

9 دہشتگرد ہلاک، 2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق، منہاس ائربیس کامرہ کو کلئیر قرار دے دیا گیا

9 دہشتگرد ہلاک، 2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق، منہاس ائربیس کامرہ کو کلئیر قرار دے دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پی اے ایف بیس منہاس، کامرہ اور ملحقہ فیکٹریز میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور منہاس ائربیس کو کلئیر قرار دے دیا ہے۔ آپریشن کے دوران تمام نو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوا۔ اس آپریشن کے دوران ملنے والی دو بارودی سرنگیں کنٹرولڈ دھماکوں سے تلف کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پی اے ایف بیس منہاس، کامرہ پر رات دو بجے حملہ آور ہونے والے 9 دہشتگرد مارے گئے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کو للکارنے والا سپاہی آصف دہشتگردوں سے جھڑپ میں شہید ہوگیا، جبکہ اس جھڑپ میں زخمی ہونے والا نائیک اختر بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

ترجمان کے مطابق خود کار ہتھیاروں اور آر پی جی سے لیس حملہ آوروں کو سکیورٹی اہلکاروں نے ائیر کرافٹ ہینگرز تک پہنچنے سے روکنے کیلئے موثر کارروائی کی، جس پر دہشتگردوں کی جانب سے بیس کی بیرونی دیوار سے آر پی جی فائر کئے گئے، اس سے ایک ائیر کرافٹ کو نقصان پہنچا تاہم ائیر بیس پر موجود دیگر ائیر کرافٹس محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق اواکس طیارے کے ہینگر کے قریب ہونے والے لڑائی میں تین خودکش حملہ آوروں نے خود کو اڑا دیا، جبکہ بقیہ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے، ایک حملہ آور نے ائیر بیس کی حفاظتی دیوار کے قریب خود کو خودکش جیکٹ کی مدد سے اڑا دیا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً دو گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا۔ تمام دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران پی اے ایف بیس منہاس، کامرہ کے بیس کمانڈر ائیر کموڈور محمد اعظم جو آپریشن کی کمانڈ کر رہے تھے، گولی لگنے سے زخمی ہوئے، انہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت اب بہتر ہے۔ ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کی اعلٰی قیادت نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق کامرہ ائیر بیس پر ملک دشمن عناصر نے ستائیسویں رمضان کی شب حملہ کیا ہے۔ اٹک میں کامرہ ائیر بیس اور ایرو ناٹیکل کمپلکس پر رات دو بجے کے بعد دہشت گردوں نے حملہ کیا جن کی تعداد نو یا دس تھی۔ آر پی جی سیون سمیت جدید ہتھیاروں اور دھماکہ خیزمواد سے بھری جیکٹ پہنے حملہ آور پنڈ سلمان مکھن کی جانب سے ائیر بیس میں داخل ہوئے۔ ملک دشمن عناصر کو بھرپور جواب دینے کے لیے پاک فوج کے کمانڈوز کو طلب کیا گیا۔ ایس ایس جی کمانڈوز نے علاقے کو سیل کرکے کارروائی کی اور آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک دہشت گرد زخمی ہوا جو بعد ازاں ہسپتال میں‌دم توڑ گیا۔
 
حملے میں پاک فضائیہ کا ایک اہلکار شہید اور ایئرکمو ڈور اور تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملے سے ایک جہاز کو نقصان پہنچا۔ حملہ آوروں نے گولیاں چلانے کے ساتھ ساتھ دستی بموں سے بھی حملے کیے، لیکن پاک فوج کے کمانڈوز اور ائر فورس کے جوانوں نے جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔ ائر بیس پر چینی انجینئر بھی موجود تھے، جو حملے میں محفوظ رہے۔ ایف آئی اے کی فرانزک ٹیم کو بھی کامرہ روانہ کردیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات کے لئے اعلٰی سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ملک دشمن اور اسلام دشمن عناصر نے کامرہ ائیربیس پر حملہ ایسے موقع پر کیا جب تمام اہل ایمان رمضان المبارک کی ستائیسویں کی شب عبادت الہیٰ میں مصروف تھے۔ کامرہ ائیر بیس پر جے ایف تھنڈر 17 طیاروں کی سمبلنگ کی جاتی ہے۔ کامرہ ائیر بیس کو دس دسمبر 2007ء کو بھی خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا اور جنوری 2008ء کو دہشت گردوں نے راکٹ بھی فائر کیے تھے۔
خبر کا کوڈ : 188078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش