0
Thursday 23 Aug 2012 19:51

امریکی وزیر دفاع کا بیان پاکستان کو کھلی دھمکی ہے، مولانا فضل الرحمن

امریکی وزیر دفاع کا بیان پاکستان کو کھلی دھمکی ہے، مولانا فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران ڈرون حملوں پر صرف احتجاج نہ کریں بلکہ ڈرون کے حوالے سے پارلیمنٹ کے متفقہ فیصلے پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملہ کرکے نیٹو فورسز نے پارلیمنٹ کی قراردادوں کی کھلم کھلا توہین کی ہے۔ عوام اپنے اپنے ملکوں میں بیرونی مداخلت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے ہی کئے ہوئے فیصلے کیوں بھول جاتے ہیں۔ وہ مرکزی میڈیا سیل کے مطابق پارٹی راہنماؤں مولانا محمد امجد خان، مفتی ابرار احمد، الحاج شمس الرحمن شمسی سے گفتگو کر رہے تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت صرف احتجاجی بیان دے کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی ہے، اس وقت پاکستان عالمی دباؤ اور پریشر کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع کا بیان پاکستان کو کھلی دھمکی اور پرانے الزامات کو دہرانے کا نیا طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو فورسز پاکستان پر ڈرون حملے کرکے عالمی قوانین کے کھلی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ 

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دنیا امن مانگتی ہے، دنیا میں بھوک، غربت عام ہو رہی ہے، عالمی اداروں کو ان مسائل کے حل کی طرف توجہ دینا ہوگی، لیکن ان کی پالیسیاں متضاد ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے پٹرولیم اور سی این جی کی قیمتوں اضافے کے اعلان پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل تکالیف دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان مہنگائی میں مزید آگ بڑھانے کا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتیں گری ہیں، لیکن اس کے باوجود حکومت نے قیمتیں کم نہیں کیں اور اب ایک بار پھر اضافہ عوام پر ڈرون حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو غریب عوام کے لیے مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے لیکن غریب عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں نئے سے نئے بحران پیدا ہو رہے ہیں، حکومت تمام تر دعووں کے باوجود ملک سے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا خاتمہ نہیں کرسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے جہاں ملک اندھیرے میں ڈویا ہے، وہاں کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں، بے روزگاری عام ہو رہی ہے، غربت مزید بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بند آنکھیں کھولیں اور مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔

دریں اثناء جے یو آئی کے راہنماؤں مولانا محمد امجد خان، مولانا رشید لدھیانوی، مولانا جمیل درخواستی، مولانا عتیق الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان غریب عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرانے کے مترادف ہے، عوام پہلے ہی پریشان حال ہے، لیکن اس اقدام سے مزید پریشان ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ حکومت واپس لے۔
خبر کا کوڈ : 189534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش