0
Sunday 26 Aug 2012 15:53

میں نے فقہ جعفریہ کی نہیں بلکہ مظلوموں کی حمایت کی ہے، الطاف حسین

میں نے فقہ جعفریہ کی نہیں بلکہ مظلوموں کی حمایت کی ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مسلک کے بارے میں جو تاریخی حقائق بیان کئے ہیں وہ بھرپور تحقیق کے بعد بیان کئے ہیں، میں اپنی بات پر قائم ہوں اور جو لوگ سمجھتے ہیں کہ میں نے غلط حقائق بیان کئے ہیں تو میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ تاریخی حقائق اور ثبوت و شواہد کے ذریعے میری بات کو غلط ثابت کرکے دکھائیں۔ میں خوشی سے چیلنج قبول کروں گا اور مزید تاریخی حقائق دلائل کے ساتھ قوم کے سامنے پیش کروں گا کیونکہ یہ پاکستان کی سلامتی و بقاء اور ملک کی یکجہتی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں ایم کیو ایم کے زونل آفس پنجاب ہاؤس پر اہل تشیع علمائے کرام، زاکرین اور مختلف امام بارگاہوں کے عہدیداروں کے وفود سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان وفود میں لاہور کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ملتان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع علمائے کرام اور زاکرین شامل تھے۔ الطاف حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ ظلم کو ظلم کہا ہے، میں سنی عقیدہ مسلمان ہوں مگر میں سمجھتا ہوں کہ یہ سراسر ظلم ہے کہ معصوم شہریوں کو بسوں سے اتار اتار کر ان کے شناختی کارڈ پر نام چیک کرکے اور جسموں پر عزاداری کے نشان دیکھ کر انہیں محض شیعہ ہونے کی بنیاد پر بیدردی سے قتل کردیا جائے، یہ کھلا ظلم ہے اور میں اس ظلم کے خلاف ہوں، میں نے فقہ جعفریہ کی نہیں بلکہ مظلوموں کی حمایت کی ہے، مظلوموں کا ساتھ دیا ہے۔ میرے والدین کا مجھے یہی درس تھا کہ یہ مت دیکھنا کہ اکثریت میں کون ہے بلکہ یہ دیکھنا کہ حق پر کون ہے۔ لہٰذا میں نے حق کا ساتھ دیا ہے اور تمام تر نتائج کی پرواہ کئے بغیر حق کا ساتھ دیتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر قائم ہوں کہ قائداعظم خوجہ شیعہ اثنائے عشری تھے اور محض شیعہ ہونے کی بنیاد پر کسی بے گناہ شہری کو قتل کرنا قائداعظم کو قتل کرنا ہے اور قائداعظم کو قتل کرنا پاکستان کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو مظلوموں کی صف میں کھڑا ہوتا ہے اور مظلوموں کا ساتھ دیتا ہے وہی سچا حق پرست اور حسینی ہوتا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان، کوئٹہ، پشاور، کراچی، لاہور یا کسی بھی شہر میں ٹارگٹ کلنگ یا بم دھماکوں میں خواہ شیعہ شہید ہوئے ہوں یا سنی شہید ہوئے ہوں، میں سب کیلئے دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ ان سب کو شہادت کا درجہ عطا کرے اور ان کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
خبر کا کوڈ : 190159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش