0
Saturday 1 Sep 2012 00:51

جماعتہ الدعوۃ کے رہنمائوں پر پابندی، ملتان کے سیاسی و مذہبی رہنمائوں کا شدید ردعمل

جماعتہ الدعوۃ کے رہنمائوں پر پابندی، ملتان کے سیاسی و مذہبی رہنمائوں کا شدید ردعمل
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے حافظ سعید اور عبدالرحمان مکی کے بعد جماعتہ الدعوۃ کے مرکزی رہنمائوں مولانا امیرحمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ، جماعتہ الدعوۃ شعبہ سیاسی امور کے کوارڈینٹرحافظ خالد ولید، شعبہ اساتذہ کے سربراہ پروفیسر طلحہ سعید و دیگر پر لشکر طیبہ سے تعلق کا الزام عائد کرکے پابندیاں لگادیں ہیں۔ مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں امیر جماعتہ الدعوۃ ملتان حافظ عبدالغفار، ضلعی امیر جماعت اسلامی پروفیسر افتخار چوہدری، جے یو پی کے ضلعی صدر ایوب مغل، جے یو آئی کے ضلعی امیر اختر بٹ، مجلس احرار  اسلام کے مرکزی نائب امیر سید کفیل شاہ بخاری، تحریک انصاف کے رہنماء طارق نعیم اللہ خان، سابق ایم پی اے شاہد محمود خان، ضلعی رہنماء جماعتہ الدعوۃ عبد الرحمان سیاف و دیگر نے امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جماعتہ الدعوۃ کے رہنمائوں پر عائد پابندیوں کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ان پابندیوں کا اعلان پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے جسے کسی صورت درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔ 

انہوں نے کہا کہ دینی رہنمائوں پر پابندیاں لگانا امریکہ کیلئے کھیل بن چکا ہے، پہلے بھی بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کی بنیاد پر امریکہ نے بھارتی سرکار کی خوشنودی کیلئے حافظ محمد سعید اور حافظ عبدالرحمان مکی کے سروں کی قیمتیں مقرر کی تھیں اور اب ان دیگر رہنمائوں پر پابندی کے اعلانات کئے جارہے ہیں، جماعتہ الدعوۃ کو نیٹو سپلائی کی بحالی اور بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے خلاف تحریک چلانے سے روکنے کے لئے اس طرح کے مذموم ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈرون حملوں، نیٹو سپلائی، وزیرستان آپریشن کی مخالفت پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔ اس لئے ملک گیر دینی و رفاہی جماعت کے رہنمائوں پر پابندیاں لگارہا ہے، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ جماعتہ الدعوۃ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور بھارتی آبی جارحیت کیخلاف بھرپور آواز اٹھاتی ہے، جس سے انڈیا خائف ہے، انڈین پروپیگنڈے سے متاثر ہوکر امریکہ ممتاز دینی رہنمائوں پر پابندیاں لگارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 191632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش