0
Monday 10 Sep 2012 14:47

قومی انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کو سب نے مسترد کردیا ہے، لیاقت بلوچ

قومی انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کو سب نے مسترد کردیا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ دنیا کے سارے نظام ناکام ہوچکے ہیں، اسلام ہی امن و محبت، ترقی و خوشحالی اور امت کا دفاع کرسکتا ہے، پاکستان کے دفاع کے لیے امریکا کی غلامی، کشکول لے کر بھیک مانگنے اور عوام کے خلاف فوجی آپریشن کرنا مسائل کا حل نہیں۔ یہ بات جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی ملیر زون کے زیر اہتمام دفاع پاکستان ریلی سے سعود آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی اسامہ رضی، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی و سابق ایم پی اے یونس بارائی، نائب امیر ضلع شرقی انجینئر صابر اور مقامی امیر توفیق الدین صدیقی بھی موجود تھے۔ سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ پاکستان کو ناکام ریاست قرار دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری بدامنی، بھتہ خوری، لوڈشیڈنگ عوام کے لیے وبال جان بن گئی ہے، اقتدار پر قابض ٹولہ ہی خرابی کی جڑ ہے پاکستان کا دفاع اس طرح ہوگا کہ نااہل، کرپٹ اور خائن حکمرانوں کو ہٹا کر جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت میں دین کی بنیاد پر جمع ہوا جائے، جماعت اسلامی عوام کو دین کی بنیاد پر ہی جمع کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے، موجودہ حکمران عوام کو مسلک زبان اور فرقہ کی بنیاد پر لڑا کر امت کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں، جماعت اسلامی قوم کو اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتخابات کی ضرورت ہے لیکن موجودہ حکمران ٹولہ انتخابات سے قبل بندر بانٹ کرنا چاہتا ہے، قومی انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کو سب نے مسترد کردیا ہے، حکمران دھاندلی کے ذریعے اقتدار چاہتے ہیں، جماعت اسلامی یہ دھاندلی نہیں کرنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامت رہے گا اور یہ ملک اسلامی انقلاب سے جگمگائے گا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت عوام کے درمیان موجود ہے عوام امن خوشحالی اور ترقی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 194297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش