0
Wednesday 12 Sep 2012 18:20

لیبیا، بن غازی میں امریکی قونصلیٹ پر حملہ، سفیر 3 اہلکاروں سمیت ہلاک، عمارت نذرآتش

لیبیا، بن غازی میں امریکی قونصلیٹ پر حملہ، سفیر 3 اہلکاروں سمیت ہلاک، عمارت نذرآتش
اسلام ٹائمز۔ لیبیائی حکام کے مطابق بن غازی شہر میں راکٹ حملے میں امریکی سفیر ہلاک ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ رات لیبیا کے دوسرے بڑے شہر بن غازی میں مظاہرین اسلام کے خلاف بنائی جانے والی ایک فلم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر حملہ کر دیا اور عمارت کو آگ لگا دی۔ لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامہ کے دوران راکٹ حملہ میں امریکی سفیر کرس اسٹیون اور 3 دیگر سفارتی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تصدیق نہیں ہوئی کہ ہلاک ہونے والے سفیر عمارت میں تھے یا اپنی کار میں تھے۔ اس سے پہلے حکام نے ایک امریکی سفارت کار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق لیبیا کے شہر بن غازی میں راکٹ حملے میں امریکی سفیر اور دیگر تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔ امریکی سفیر کے بارے میں یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ حملے کے وقت قونصل خانے کی عمارت میں موجود تھے یا سفر کر رہے تھے۔ گذشتہ روز سے مشتعل مظاہرین فلوریڈا کے ملعون پادری ٹیری جونز کی بنائی گئی فلم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جس میں مبینہ طور پر پیغمبرِ اسلام کی توہین کی گئی تھی۔ مسلح افراد نے سفارت خانے کے باہر ہوائی فائرنگ کی اور امریکی قونصلیٹ کی عمارت کو آگ لگا دی۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بھی دو ہزار سے زائد مظاہرین نے امریکہ کی جانب سے توہین آمیز فلم کی اجازت دینے پر امریکہ قونصل خانے پر دھاوہ بول دیا اور دیوار پھلانگ کر امریکی جھنڈہ اتار کر سیاہ جھنڈہ لگا دیا۔ قونصل خانے کے ترجمان کے مطابق حملے کے وقت قونصل خانے میں عملہ موجود نہیں تھا۔ مصری مظاہرین نے آزادی اظہار کے بہانے پیغمبر اسلام کی توہین کئے جانے کی سخت مذمت کی۔
خبر کا کوڈ : 194858
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش