0
Monday 24 Sep 2012 14:12

ایران کیخلاف جارحیت سے تیسری عالمی جنگ کا امکان، حملے کی صورت میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائینگے، ایرانی کمانڈر

ایران کیخلاف جارحیت سے تیسری عالمی جنگ کا امکان، حملے کی صورت میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائینگے، ایرانی کمانڈر
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سینئیر کمانڈر امیر علی حاجی زادے کا دشمن کی طرف سے ایران کے خلاف حملے کی دھمکیوں پر اپنے رد عمل میں کہنا تھا کہ امریکہ یا اسرائیل سے کوئی بھی تنہا یا مستقل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔ بلکہ ان میں سے جو بھی جنگ کا آغاز کرے گا تو دوسرا خود بخود اس جنگ میں شامل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی وی چینل العالم سے گفتگو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ اور اسرائیل کو ایک ساتھ ہی تصور کرتے ہیں، اور ایسا ممکن ہی نہیں ہے کہ اسرائیل امریکہ کی حمایت اور پشتیبانی کے بغیر جنگ کا آغاز کرے۔ اسی دلیل کی بنیاد پر جنگ شروع ہونے کی صورت میں ہم بھی دونوں ملکوں کے ساتھ جنگ میں وارد ہو جائیں گے، اور خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔ 

حاجی زادے کا کہنا تھا کہ جنگ کی صورت میں ایسے حادثات رونما ہوں گے کہ جن کی مدیریت اور کنٹرول کرنا ممکن نہیں رہے گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ یہ جنگ تیسری عالمی جنگ میں تبدیل ہو جائے، کیونکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ کچھ ممالک ایران کی حمایت اور کچھ دوسرے ممالک ایران کے دشمنوں کی حمایت میں اس جنگ کا حصہ بن جائیں گے۔ ایرانی کمانڈر کا امکانی جنگ کی ناقابل تصور صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنگ کی صورت میں اپنے اطراف اور ہمسایہ ممالک میں موجود امریکی ٹھکانوں پر حملے کریں گے اور یہ بھی امکان موجود ہے ان ممالک کے عوام بھی ان امریکی ٹھکانوں پر حملہ آور ہو جائیں۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر کا گذشتہ ہفتے اس خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے پر حملے اور چھ طیاروں کے تباہ ہونے یا نیٹو کے آئل ٹینکرز پر حملوں اور اس خطے کے عوام کی طرف سے امریکی فوجیوں کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ تمام اتفاقات ایسی صورت میں رونما ہوئے ہیں کہ ابھی ہم نے کسی کے ساتھ جنگ کا آغاز نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ اسرائیل ہم پر حملہ کرے اور امریکہ اس کا ساتھ نہ دے، یا یہ کیسے تصور کیا جا سکتا ہے جنگ کی صورت میں اس خطے کے عوام امریکہ کے ساتھ مقابلے کے لئے اٹھ کھڑے نہیں ہوں گے اور اس صورت میں یہ جنگ تیزی کے ساتھ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

حاجی زادے کا تاکید کرتے ہوئے یہ کہنا تھا کہ یہ تصور نہیں کرنا چاہیے کہ جنگ کی صورت میں خطے کے ممالک غیر جانبداری کا اعلان کر دیں گے۔ ایرانی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں موجود امریکہ اڈوں کو ہم قطر، بحرین یا افغانستان کی سرزمین نہیں بلکہ امریکی سرزمین تصور کرتے ہیں اور بلاشبہ ہم انہیں اپنے فوجی حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے پر امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایران کے سینئر کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادے کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ایران کا نیوکلئیر پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے اور اسرائیل کبھی بھی امریکی حمایت کے بغیر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جہاں کہیں بھی امریکی اڈے ہوں گے ان کو امریکی سرزمین سمجھتے ہوئے، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ آبنائے ہرمز سے مغربی ممالک کو تیل کی سپلائی بھی بند کر دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 198190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش