0
Friday 28 Sep 2012 01:31

کراچی میں اسیران کی رہائی کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا

کراچی میں اسیران کی رہائی کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں اہل تشیع کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف نمائش چورنگی پر دیا جانے والا احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور پولیس کی بلاجواز کارروائی کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے افراد کی رہائی کے لئے کراچی کی نمائش چورنگی پر شہید زاہد حسین کے جنازے کے ہمراہ دھرنا دیا گیا۔ دھرنا چار گھنٹے جاری رہا جس میں شرکاء شدید دھوپ اور گرمی کے باوجود احتجاج میں شریک رہے، احتجاجی دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے اراکین کے علاوہ مرد و خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

بعد ازاں گولیمار کے علاقے سے گرفتار ہونے والے بے گناہ افراد کی رہائی کے لئے دیا جانے والا دھرنا ان کی رہائی کے بعد ختم کردیا گیا، اس موقع پر بے گناہ گرفتار ہونے والے افراد میں اہلسنت افراد بھی شامل تھے کہ جن کو علمائے کرام اور عوام کی کوششوں سے رہا کرایا گیا۔ اسیران کی رہائی کے بعد ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مومنین کو ہدایت کی کہ آج ہونے والے اس کامیاب دھرنے نے یہ ثابت کردیا کہ حق پر ثابت قدم رہنے والے اگر تعداد میں کم ہی کیوں نہ ہوں خدا ان کی مدد کرتا ہے اور فتح ان کا مقدر بنتی ہے۔ بعد ازاں شہید زائد حسین کی نماز جنازہ علامہ حسن ظفر نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی اور تدفین وادی حسین قبرستان میں ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 199119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش