0
Tuesday 2 Oct 2012 19:58

مسلمان ناموس رسالت (ص) پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں، شیخ عثمان فاروق

مسلمان ناموس رسالت (ص) پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں، شیخ عثمان فاروق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں موجود ہے، جماعت اسلامی دنیا بھر میں اور خصوصاً پاکستان میں قرآن و سنت کے نظام کو قائم کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، ملتان میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اللہ کے احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، حکمران مخلوط نظام تعلیم کو رائج کرکے فحاشی، عریانی اور بے حیائی کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ امریکہ نواز حکمران انڈیا کو موسٹ فیورٹ قرار دے کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں، 3325 ڈرون حملوں میں 4 ہزار سے زائد معصوم اور بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں، نام نہاد دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں 40 ہزار لوگ مارے جاچکے ہیں اور 70 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اُٹھانا پڑا ہے لیکن حکمران اب بھی ہوش میں نہیں آئے اور اس جنگ کو اپنی جنگ کہہ رہے ہیں جو مسلمانوں اور اسلام کے خلاف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج امریکہ، یورپ سمیت پوری دنیا میں اسلام پھیل رہا ہے اور غیر مسلموں کی بڑی تعداد اسلام قبول کررہی ہے، جس کی وجہ سے عیسائیت اور یہودیت پر بوکھلاہٹ طاری ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اس بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے کہ وہ توہین آمیز خاکے اور گستاخانہ فلم بنا کر مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح وہ مسلمانوں کے دلوں سے حضرت محمد (ص) کی محبت کو کم کردیں گے لیکن مسلمان ناموس رسالت (ص) کے تحفظ کے لیے ہر شے قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تربیتی ورکشاپ سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان پروفیسر افتخار چودھری، عارف محمود سمرا، چودھری اطہر عزیز، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، ڈاکٹر حفیظ انور، ڈاکٹر خالد رشید نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 200327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش