0
Monday 8 Oct 2012 19:48

پاکستان کو امریکہ کی کالونی اور بھارت کی منڈی نہیں بننے دیں گے، فضل کریم

پاکستان کو امریکہ کی کالونی اور بھارت کی منڈی نہیں بننے دیں گے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ جنوبی پنجاب اور سندھ کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ قوم کو بارود کی بدبو کی نہیں، درود کی خوشبو کی ضرورت ہے، عرب ممالک امریکی بینکوں سے سرمایہ نکال کر امریکہ کو توہینِ رسالت کے خلاف قانون سازی پر مجبور کریں، بلوچستان میں امن نہ ہوا تو پاکستان کی سا لمیت کو خطرات لاحق رہیں گے، میدانوں سے ایوانوں تک نظامِ مصطفی کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرین مارچ کے ذریعے قوم کو گستاخانہ فلم، ڈرون حملوں، مہنگائی اور دہشت گردی کے خلاف متحد کریں گے، 14اکتوبر کو ٹرین مارچ کے دوران وطن کی فضائیں ’’لبیک یا رسول اللہ(ص)‘‘ سے گونج اٹھیں گی، پاکستان کو امریکہ کی کالونی اور بھارت کی منڈی نہیں بننے دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ قوم بار بار اقتدار میں آنے والوں سے مایوس ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشدد اور امن کا پرچار کرتے رہیں گے کیونکہ صوفیاء کے ماننے والوں کا اسلحہ عشقِ رسول ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عاشقانِ رسول 14اکتوبر کے ٹرین مارچ میں شریک ہو کر اپنے آقا سے وفا کا ثبوت دیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پیپلز پارٹی سامراج دشمنی کے پرانے ایجنڈے پر واپس آ جائے کیونکہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو سامراج دشمن تھے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سیاستدانوں کے مردہ باد اور زندہ باد کے نعروں کے شور میں نظامِ مصطفی کی آواز دبنے نہیں دے گی۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت سفارتی اقدامات کے ذریعے اقوام متحدہ کو توہینِ انبیاء کے خلاف قانون سازی پر مجبور کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتہا پسندی مذہبی انتہا پسندی سے بھی زیادہ خطرناک ہے کیوں کی مذہبی انتہا پسندی سے صرف ایک فرقہ متاثر ہوتا ہے جبکہ سیاسی انتہا پسندی سے پورا ملک متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی مذہبی ہو یا سیاسی ہم اس کے شدید مخالف ہیں اور ملک میں امن و امان کے خواہاں ہیں اور امن صرف نظام مصطفی کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 201968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش