0
Friday 2 Nov 2012 14:42

پاکستان کی سالمیت اور بقاء ہماری سالمیت اور بقاء ہے، سید مہدی شاہ

پاکستان کی سالمیت اور بقاء ہماری سالمیت اور بقاء ہے، سید مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ آزادی کی حفاظت عوام کے ہاتھوں میں ہے، پاکستان کی سالمیت اور بقاء ہماری سالمیت اور بقاء ہے، دشمن ہمارے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے پر تلا ہوا ہے، عوام اپنے دشمن کو پہچانیں اور ان کے عزائم کو نا کام بنا دیں۔ چنار باغ میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے، آزادی کے حصول کے لئے غیور قومیں بڑی سے بڑ ی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں ایک صدی سے بھی زیادہ عرصے تک سکھوں، ڈوگروں اور انگریزوں کی حکومت رہی، ہمارے بزرگوں کی زندگیاں کار بیگار کی نذر ہوگئیں ہمارے اسلاف اپنی کمائی کا زیادہ تر حصہ انگریزوں اور ڈوگروں کو دینے کے پابند تھے، مالیہ کا ناگوار سلسلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کرنل مرزا حسن، کیپٹن راجہ بابر و دیگر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جدوجہد آزادی کا آغازکیا اور 14 اگست 1947ء میں بلتستان کی آزادی کے ساتھ ہی یہ وسیع و عریض علاقہ ملک عزیز کا حصہ بنا۔

انہوں نے کہا کہ 70ء کی دہائی تک آزاد حکومتوں کی وجہ سے ان علاقوں میں نو آبادیاتی نظام حکومت کا سلسلہ جاری رہا۔ پھر شہید ذوالفقار علی بھٹو نے حکومت سنبھالتے ہی ان علاقوں کو مشکلات سے نجات دلا دی، تعلیم معشیت محض ہر شعبے میں انقلاب برپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آمروں نے شب خون مار کر جموری حکومتوں کے ساتھ ظلم روا رکھا جس کی وجہ سے یہاں پر مذہبی منافرتیں پھیل گئیں بھائی بھائی کا دشمن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے جونہی حکومت سنبھالی ان علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے بے پناہ کام ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا دور حکومت ان علاقوں کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں۔ صدر مملکت نے ایک تاریخی فیصلے کے تحت ان علاقوں کو داخلی خودمختاری دی اور آپ کو گلگت بلتستان کے نام سے حیثیت دی۔ آج یہاں کا اپنا گورنر، وزیراعلیٰ، کابینہ اور انتظامی ڈھانچہ بنا ہوا ہے۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہمیں جو شناخت عطا کی ہے، اس کا احترام ضروری ہے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے عوام کا تعاون چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنے اختلافات بھلا کر باہمی اتحاد اور اتفاق سے اپنے ملک کی ترقی کے لئے ایک ہوجائیں۔

تقریب کے دوران جنگ آزادی کے غازی بر گیڈئیر (ر) حسام اللہ بیگ نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بہت سی قربانیوں کے بعد اس خطے کو آزاد کریا گیا ہے، اب یہاں کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جنت نظیر علاقے کی حفاظت کے لئے کر دار ادا کریں۔ جشن آزادی کی تقریب سے معروف گلوکار شہزاد رائے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین جگہوں میں ہوتا ہے، گلگت بلتستان کے عوام پر امن اور مہمان نواز ہیں اور حالات خراب کرانے میں یہاں کے عوام کا کوئی ہاتھ نظر نہیں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ملک کا بہترین تعلیمی نظام ہے، جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ تقریب کے دوران پبلک اسکول اینڈ کالج جوٹیال کی طالبات اور ہائی اسکول امپھری و ہائی اسکول نمبر 2 خومر کے طلبہ نے ملی نغمے بھی پیش کئے۔ تقریب کے آخر میں طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔واضح رہے کہ چنار باغ میں منعقدہ تقریب میں جنگ آزادی کے مجاہدوں، صوبائی وزراء، ممبران اسمبلی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 208467
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش