0
Saturday 10 Nov 2012 19:07

دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، لاہور سے 5 دہشت گرد گرفتار

دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، لاہور سے 5 دہشت گرد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی فورسز نے محرم الحرام کے دوران لاہور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، ڈیفنس میں واقع الفلاح ٹاؤن کے چھتری چوک کے قریب قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے آپریشن کر کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، دہشت گرد لاہور میں خیبر پختونخوا کے زیرتربیت وارڈنز کے ہاسٹل پر حملے میں ملوث بتائے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزموں کے اہل خانہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں، بچوں کی عمر چار سے آٹھ سال ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے پکڑے جانیوالے دہشت گردوں میں دو حلیے سے پٹھان اور ایک پنجابی بتایا جاتا ہے۔ دہشت گرد چھ ماہ قبل الفلاح ٹاؤن کے جی بلاک کوٹھی نمبر 55 میں کرائے پر آئے تھے۔ یہ کوٹھی امریکا میں مقیم شہروز بیگ نامی شخص کی ہے۔ جی 55 کوٹھی پراپرٹی ڈیلر شفیق نامی شخص کے ذریعے دو لاکھ روپے ایڈوانس اور 30 ہزار روپے ماہانہ کرایہ پر جعلی شناختی کارڈ پر لی گئی تھی۔ ملزمان نے خود کو بزنس مین شو کیا، ان میں ایک 22 سالہ کلین شیو نوجوان ہی گھر سے باہر نکلتا تھا جبکہ ان کی خواتین برقعوں میں گھر سے نکلتی تھیں۔

پٹھان حلیے کے افراد کی عمریں 40 سے 45 سال بتائی جاتی ہیں۔ ملزمان کے گھر کے باہر شہروز بیگ اور حسن بیگ کے نام کی تختی لگی ہوئی ہیں۔ ملزمان نے اپنے گھر میں خفیہ کیمرے لگوا رکھے تھے جن کے ذریعے وہ آنے جانے والوں کی نقل وحرکت کو مانیٹر کرتے تھے۔ دہشت گردوں سے دستی بم اور اسلحے کے ساتھ سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کی رہائش گاہ، لاہور کی سرکاری عمارتوں اور امام بارگاہوں کے نقشے، موبائل فون کی سمیں اور دیگر اہم دستاویزات اور جدید اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور آتش گیر مادہ بھی برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد لاہور کے علاقے رسول پارک اچھرہ میں خیبرپختونخواہ کے زیرتربیت وارڈنز کے ہاسٹل پر حملے میں ملوث ہیں جس میں 10 وارڈن ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رسول پارک سانحہ کے بعد ملنے والے ایک ہیلمٹ اور گجرات سے ملنے والی موٹرسائیکل سے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں مدد ملی۔ ملزموں کو تفتیش کیلئے نامعلوم پر منتقل کر دیا گیا۔ آپریشن میں حساس اور خفیہ ادارے، ایلیٹ فورس، رینجرز اور لاہور پولیس نے حصہ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب چھاپہ مارا گیا تو ملزمان نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کر دی اور دستی بموں کا استعمال کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد فورسز ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
خبر کا کوڈ : 210829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش