0
Saturday 17 Nov 2012 00:34

مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل تنازعات کی بنیادی وجہ ہے، حنا ربانی کھر

مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل تنازعات کی بنیادی وجہ ہے، حنا ربانی کھر
اسلام ٹائمز۔ براعظم افریقہ کے ساحلی ملک جمہوریہ جبوتی میں جاری اسلامک کانفرنس کے وزرائے خارجہ کے 39ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب مسئلہ ہے، کشمیر ہی بھارت اور پاکستان کے درمیان مسلسل تنازعات کی بنیادی وجہ رہا ہے، اس لئے دونوں ملکوں کو باہمی مفاد اور علاقائی امن و استحکام کیلئے اس 65 سالہ پرانے تنازعہ کا پُرامن حل تلاش کرنا ہوگا، انہوں نے اسلامک کانفرنس کے اسٹیج پر مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعے حقوق انسانی کی سنگین پامالیاں ہورہی ہیں اور وہاں کی مسلم اکثریتی آبادی کے خلاف زیادتیاں جاری ہیں۔
 
حنا ربانی نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت اور پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام دو طرفہ حل طلب مسائل کا پُرامن اور باہمی طور قابل قبول حل تلاش کرنے میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہی مسلم امہ کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرتا رہا ہے، حنا ربانی کھر نے فلسطین کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حصول مقصد تک فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا، برما کے روہنگی مسلمانوں کو درپیش سنگین نوعیت کی زیادتیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد کو برما میں مسلمانوں کے خلاف ہونیوالی زیادتیوں پر سخت دکھ اور افسوس ہے، انہوں نے برما کی حکومت پر زور دیا کہ یہاں مسلمانوں کے ساتھ سرکاری سطح پر ہونیوالی زیادتیوں اور قتل عام کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 212105
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش