0
Tuesday 4 Dec 2012 02:23

سیاسی و مذہبی ورکروں کی ٹارگٹ کلنگ میں خفیہ ہاتھ نہیں ہے، شکیل قادری

سیاسی و مذہبی ورکروں کی ٹارگٹ کلنگ میں خفیہ ہاتھ نہیں ہے، شکیل قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے کہا ہے کہ سیاسی و مذہبی ورکروں کی ٹارگٹ کلنگ میں خفیہ ہاتھ نہیں ہے، دہشت گرد، ٹارگٹ کلرز آزادانہ گھوم رہے ہیں، حکومت انتظامیہ جانتے ہیں کہ ٹارگٹ کلرز کن صفوں میں موجود ہیں، مصلحت پسندی سے بالاتر ہوکر ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تو حالات بہتر اور کراچی کی روشنیاں جلد بحال ہوسکتی ہیں، کراچی میں مردم شماری فوج کے ذریعے کرا کر نئی حلقہ بندیاں کی جائیں تاکہ انتخابات شفاف ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں یونین جرنلسٹ کی دعوت حلیم کی تقریب میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مطلوب اعوان، فہیم الدین شیخ بھی موجود تھے۔ شکیل قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک فوج کی نگرانی میں مردم شماری کے حق میں ہے، سپریم کورٹ نے واضح کردیا ہے کہ ماضی میں بوگس مردم شماری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ کے اندراج کی درستگی کے ساتھ نئی حلقہ بندیاں کرے، پاکستان سنی تحریک کا یہ مطالبہ آئین کی روح سے ہے اس سے کسی کو پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ شکیل قادری نے کہا کہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتی ہیں اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے لیے آواز بلند کیے ہوئے ہیں، بہتر ہوگا کہ حکمران اقتدار کی ہوس اور مصلحت پسندی سے بالاتر ہوکر فیصلے کریں تو کراچی میں جلد امن قائم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن میں ہی ملک کی معیشت کی مضبوطی و ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 217689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش