0
Wednesday 5 Dec 2012 11:21

فلسطین کی طرح کشمیریوں کو بھی اقوام متحدہ میں نمائندگی ملنی چاہیے، محمد غالب

فلسطین کی طرح کشمیریوں کو بھی اقوام متحدہ میں نمائندگی ملنی چاہیے، محمد غالب
اسلام ٹائمز۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ جس طرح فلسطین کے حق میں اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کی گئی ہے۔ اس طرح کشمیریوں کو بھی اقوام متحدہ میں نمائندگی مل جائے تو کشمیری مسئلہ کشمیر اور جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پاکستان کی کشمیر پالیسی بھارت کو پسندیدہ قرار دینے، سیاسی اور سفارتی محاذ پر خاموشی کے بعد کشمیریوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ کشمیر کاز کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت نے فلسطینوں کے حق میں منظور ہونے والی قرارداد کی حمایت کی ہے جبکہ مسئلہ کشمیر کو بھارت خود اقدام متحدہ میں لے کر گیا تھا بھارت منافقانہ طرز عمل چھوڑ دے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے جس طرح فلسطین کے حقوق کی حمایت کی ہے کشمیر پر اپنے وعدوں اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرے۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرکے اپنی درندہ صفت فوج کو کشمیر سے نکالے۔ محمد غالب نے کہا کہ فلسطین کی طرح کشمیریوں کیلئے بھی ایسی قیادت کو سامنے لانے کی ضرورت ہے جو مسئلہ کشمیر پر کسی سودے بازی کا شکار نہ ہو۔ کشمیریوں کے دعویدار اسرائیل کو تسلیم کرنے والے کشمیریوں کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔ 

انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لئے وہی قوتیں اپنے ایشو پر مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں جن کے اندر ہمت اور جرأت ہو۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو آخر کار فلسطین کی طرح کشمیریوں کو بھی وہ حق دینا پڑے گا۔ جس کیلئے کشمیری 65 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں اور لاکھوں کی قربانیاں پیش کر چکے ہیں اور بھارت بھی آخر مجبور ہوگا اور اس کے لئے ضروری ہے کہ کشمیری اپنے اصولی مؤقف پرقائم رہیں اور اپنی صفوں سے ایسے عناصر کو پاک کریں جو کشمیر پر سودے بازی کیلئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں اور اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کیلئے سرگرم اور کوشاں ہیں۔

خبر کا کوڈ : 218080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش