0
Wednesday 5 Dec 2012 16:55

امریکی ڈرون پر کنٹرول ایرانی فضائی حدود کی حفاظت میں پیشرفت کی علامت ہے، مہمان پرست

امریکی ڈرون پر کنٹرول ایرانی فضائی حدود کی حفاظت میں پیشرفت کی علامت ہے، مہمان پرست
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نیول فورس کی طرف سے امریکی ڈرون "اسکین ایگل" پر کنٹرول اور اسے اپنے قبضے میں لینے کے اقدام پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ملک کی فضائی اور زمینی سرحدوں کی حفاظت کے لئے مضبوط اور قدرت مند مسلح افواج کسی بھی دشمن کو اس ملک کے خلاف جارحیت سے باز رکھنے کا باعث ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط مسلح افواج کا وجود کسی بھی ملک کی سکیورٹی اور دفاع کے لئے ایک بنیادی اصول ہے۔
 
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی دفاعی صلاحیت اس نکتے پر پہنچ چکی ہے کہ آج اپنے جوانوں کی علمی و فنی صلاحیتوں کی بنا پر ہم اپنے ملک کی فضائی، زمینی اور سمندری حدود کے دفاع اور حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ مہمان پرست کا کہنا تھا کہ اتنے اچھے انداز میں امریکہ ڈرون پر تسلط اور کنٹرول اپنی فضائی حدود کے دفاع کی صلاحیت میں پیشرفت کی ایک نشانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فضائی حدود اور سالمیت ارضی کی خلاف ورزی ایک ایسا اقدام ہے، جسکا متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو نوٹس لینا چاہیئے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس خطے میں موجود تمام ممالک کے تعاون اور ہمکاری سے خطے کے ممالک میں دفاع کی یہ صلاحیت اس سطح پر پہنچ جائے گی، جو اس خطے سے غیر ملکی فورسز کے اخراج کا باعث بنے۔ رامین مہمان پرست کا کہنا تھا کہ خطے میں غیر ملکی فورسز کی موجودگی ہی اس خطے کے امن و امان کے لئے عدم استحکام کا باعث ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون کا شکار، اپنی فضائی حدود کے دفاع میں ایران کی بڑی پیشرفت کی علامت ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے امریکی ڈرون "اسکین ایگل" کو کنٹرول کرنے اور اسے اپنے قبضے میں لینے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کامیابی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ ہر ملک کے لئے اپنی حدود کے تحفظ کرنے کی توانائی اور اسکی فوجی طاقت، امن و استحکام اور جارح قوتوں کی پسپائی کا باعث بنتا ہے۔
 
انہوں نے سائنس اور ٹکنالوجی کے میدان میں ایرانی ماہرین کی اعلٰی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی دفاعی طاقت ایسی سطح پر پہنچ گئی ہے کہ اپنے جوانوں کی صلاحیتوں کی بنیاد پر باآسانی اپنی فضائی، سمندری اور زمینی حدود کا دفاع کرسکتا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کی فضائی حدود کی جارحیت بین الاقوامی قوانین اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، جس کا عالمی اداروں کی جانب سے نوٹس لینا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 218153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش