0
Sunday 9 Dec 2012 14:30

اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے، زبیر فاروق

اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے، زبیر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر اور قومی اسمبلی حلقہ این اے 49 کے امیدوار زبیر فاروق خان نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی مراعات دے تاکہ وہ دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکے۔ جماعت اسلامی ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی اسلام آباد اہل کتاب ونگ کے زیر اہتمام دوڑ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے وارث مسیح کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

زبیر فاروق خان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک بھر میں دوسرے شہریوں کی طرح اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے تاکہ وہ د نیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر فورم پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی آواز بلند کی ہے۔ اور آئندہ بھی اسے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گولڈ میڈل حاصل کرنے والے وارث مسیح کے لیے بھی اسی طرح انعامات اور اعزازات کا اعلان کرے جس طرح وہ کرکٹ، ہاکی، سنوکر اور دوسری کھیلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے کرتی ہے۔

زبیر فاروق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں آگے بڑھیں اور ظلم کے اس نظام کے خاتمے اور صالح قیادت کو آگے لانے کی جدوجہد میں شامل ہو کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں ۔ انہوں نے وارث مسیح کو خراج تحسین پیش کیا اور ان سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 219489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش