0
Monday 10 Dec 2012 20:39

محمد حسین محنتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی قاری عثمان سے ملاقات

محمد حسین محنتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی قاری عثمان سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے نمائندہ وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کراچی کے امیر قاری محمد عثمان اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور ووٹر لسٹوں کی درستی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ طرفین نے کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام جماعتوں کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء برجیس احمد، نصراللہ خان شجیع، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد اور دیگر موجود تھے۔

ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ٹھپہ مافیا کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ جمہوریت کی بنیاد انتخابات ہیں اور شفاف انتخابات کا انعقاد درست انتخابی فہرستوں کی مرہون منت ہے، مگر کراچی میں بلا شرکت غیرے حکمرانی کا خواب دیکھنے والوں نے جس بڑے پیمانے پر انتخابی فہرستوں میں بے قاعدگی کی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، اس کھلی بے قاعدگی پر تمام جماعتوں کے احتجاج اور پٹیشن کے نتیجے میں اب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں فوج گھر گھر جاکر انتخابی فہرستیں درست کرے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری قتل و غارت گری کی بھی اصل وجہ یہ ہے کہ دہشتگرد جعلی مینڈیٹ کے ذریعے شہریوں پر مسلط ہوجاتے ہیں اور ان کی نمائندگی کا دعوی کرتے ہیں، اگر درست انتخابی فہرستوں کے ذریعے شفاف انتخابات ہوتے تو یہ شہر میں قیام امن کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ قاری عثمان نے کہا کہ کراچی میں امن ہر شخص کی ضرورت ہے، قیام امن کیلئے تمام جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام نے مشترکہ جدوجہد کی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اشتراک عمل کو آگے بڑھایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 220003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش