0
Tuesday 11 Dec 2012 12:08

ریاستی جماعتوں کو دبانے سے مسئلہ کشمیر کو نقصان ہوگا، چوہدری اشرف

ریاستی جماعتوں کو دبانے سے مسئلہ کشمیر کو نقصان ہوگا، چوہدری اشرف
اسلام ٹائمز۔ آنے والا وقت مسلم کانفرنس کا ہے۔ ریاستی جماعتوں کو دبانے اور ان کے خلاف سازشیں کرنے والے دراصل مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ مسلم کانفرنس کشمیریوں کے تشخص کی پہچان ہے۔ ہماری منزل کشمیر کی آزادی ہے اور مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے جس کی بنیاد تحریک آزادی کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس میرپور ڈویژن کے صدر اور سابق میئر میرپور چوہدری محمد اشرف نے میرپور میں مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی کی رہائش گاہ پر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے خصوصی بات چیت میں کیا۔ 

چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ ہمارے لیے بدقستمی کی بات ہے کہ کشمیر کی سواد اعظم جماعت کو کمزور بنانے کے لیے سازشیں کی گئیں۔ مگر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کی سیاسی فہم و فراست اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی سرپرستی کی وجہ سے مسلم کانفرنس آج بھی خطہ کی سب سے بڑی ریاستی جماعت ہے۔ اقتدار کی ہوس میں مسلم کانفرنس کو توڑنے والے جلد اپنی غلطیوں کا احساس کریں گے۔ چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ آزادی کے بیس کیمپ میں غیر ریاستی جماعتوں کی یلغار نے مسئلہ کشمیر پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور اس سے کشمیر پر ہمارے موقف میں کمزوری آئی ہے۔ واحد مسلم کانفرنس ایسی جماعت ہے جو کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کی ضامن ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے۔ ہم نظریہ کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں۔ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے ہمیشہ افہام و تفہیم کی سیاست کو فروغ دیا۔ یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں نہ تو دہشت گردی کا ماحول ہے اور نہ ہی فرقہ پرستی ہے۔ ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کے چپہ چپہ کی حفاظت کررہے ہیں۔ آزاد کشمیر کا وجود اگر قائم ہے تو یہ صرف پاک افواج کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت سے لے کر پاکستان میں آنے والی ہر آفت میں پاک فوج کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے مسلم کانفرنس کے کارکنوں سے کہا کہ وہ جماعت کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کام کریں۔

خبر کا کوڈ : 220112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش