0
Saturday 15 Dec 2012 17:45

ملک میں جاری ٹارگٹ کلنگ حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ملک میں جاری ٹارگٹ کلنگ حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ صوبائی اراکین کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ ہم شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں ہونے دینگے اور اس مقدس خون سے وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ کی مشکل قابل حل ہے اور ہم باہمی وحدت سے ہی اس مشکل کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کوئٹہ میں ہونے والی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کو علاقائی مسئلہ بنانا چاہتا ہے لیکن مجلس وحدت مسلمین اس مسئلہ کو قومی ایشو بنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تن دہی اور ایمانداری سے کام کرتے تو مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکتا ہے لیکن جب ان اداروں میں کالی بھیڑیں موجود ہوں اور حکومتی وزرا اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث پائے جاتے ہوں تو ان سے کوئی امیدیں وابستہ رکھنا عبث ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے شیعوں کی حفاظت دراصل پاکستان کی سلامتی کی حفاظت ہے، وفاقی حکومت یاد رکھے کہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کرے، لیکن وہ نہ صرف اس فریضہ میں ناکام ہے بلکہ ان بڑھتے ہوئے واقعات سے چشم پوشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں شیعہ دشمنوں اور دہشت گردی کے واقعات پر چپ سادھنے والوں کو پارلیمنٹ میں نہیں پہنچنے دیں گے۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملت کی امنگوں کی ترجمان ہے، انشاءاللہ ہم شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے اور اس مقدس خون سے وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں گے۔ اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی راہنما علامہ شبیر بخاری، شوری عالی کے رکن علامہ ہاشم موسوی، مولانا اقبال بہشتی، صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا مقصود ڈومکی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی اور دیگر ضلعی راہنما بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 221537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش