0
Tuesday 18 Dec 2012 14:39

کراچی اور پشاور میں انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ، 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

کراچی اور پشاور میں انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ، 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ دہشتگردوں نے پشاور میں انسداد پولیو مہم میں مصروف ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی، ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم کی ٹیم پشاور کے نواحی علاقہ متھرا میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی تھی کہ اچانک دہشتگردوں نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے باعث ٹیم کی ایک خاتون رکن 14 سالہ فرزانہ زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعدازاں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔ واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، اور بعدازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کو گھیرے میں لے لیا، اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے 3 روزہ پولیو مہم روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیو ورکرز کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور میں انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ایک رضاکار کو گولی مارنے کے واقعے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم ختم کرنے کی تجویز دی ہے، جبکہ محکمہ صحت حکام نے مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم فی الحال اسے معطل کردیا گیا ہے، فائرنگ کا واقعہ تھانہ متھرا کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی رضاکار چودہ سالہ فرزانہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے جا رہی تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے اس پر فائرنگ کر دی۔ ایک گولی لڑکی کے سر میں لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ اور اسے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ چل بسی۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ واقعے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے پشاور سمیت صوبے بھر میں پولیو مہم ختم کرنے کی تجویز صوبائی حکومت کو دی۔ تاہم محکمہ صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی۔

دوسری طرف کراچی میں بھی انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ جس پر عالمی ادارہ صحت (W.H.O.) نے شہر میں جاری انسداد پولیو مہم روک دی ہے۔ پولیس کے مطابق لانڈھی کے علاقے بونیر کالونی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا نے کے لئے گھر گھر جانے والی خواتین پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فریحہ اور فہمیدہ سمیت ایک مرد پولیو رضا کار جاں بحق ہوگیا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور زخمی رضا کار کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

ادھر اورنگی ٹاؤن نمبر 10 میں پولیو مہم کے لئے آنے والی ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نسیمہ نامی خاتون رضاکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کے ساتھ آنے والا مرد رضا کار شدید زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ ادھر بلدیہ ٹاون کے علاقے میں بھی نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے کنیز نامی خاتون رضا کار جاں بحق ہوگئی۔
خبر کا کوڈ : 222401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش