0
Saturday 12 Jan 2013 18:12

بھکر انتظامیہ ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، سفیر حسین شہانی

بھکر انتظامیہ ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، سفیر حسین شہانی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھکر انتظامیہ نے سیون اے ٹی اے کو مذاق بنا رکھا ہے۔ دہشت گردوں کے کہنے پر اہل علاقہ کے شرفاء پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ جھوک قلندر بخش، پنجگرائیں میں چہلم سیدالشہداء کے جلوس کو بےگناہ افراد کو پابند سلاسل کرنے اور جھوٹے مقدمات میں ناجائز گرفتار شیعہ مومنین کے لئے احتجاج کے طور پر منایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی او ہوش کے ناخن لے، ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، علاقہ کا امن کسی کو برباد نہیں کرنے دیں گے۔ اگر انتظامیہ نے بےگناہ افراد کو رہا اور شرپسندوں کے خلاف درج کروائی گئی ایف آئی آرز میں علاقہ کا امن خراب کرنے والوں کو گرفتار نہ کیا تو پھر ہم کفن پہن کر اپنے حقوق کے دفاع کیلئے احتجاج شروع کر دیں گے اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک انتظامیہ دہشتگردوں کی پشت پناہی چھوڑ کی ان کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کرتی۔ دہشتگرد اور کالعدم تکفیری گروہ کے افراد دندناتے پھرتے ہیں اور امن پسندوں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے اور جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ تکفیری گروہ خودساختہ اور جھوٹی وارداتوں کے ذریعے انتظامیہ کو یرغمال بنا کر اپنے ناپاک مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ 

مجلس وحدت مسلمین کے صوبہ پنجاب کے رہنما علامہ عسکری الہدایت اور مولانا غلام حر جعفری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ابھی پہلا مرحلہ ہے، ہمیں ان تمام سازشوں کو بےنقاب کرنا ہے اور ظلم کے خلاف اگر مزید قربانیاں دینی پڑیں تو امام حسین علیہ السلام کے نام پر ہماری جانیں بھی نثار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں شیعہ مکتب کے خلاف کارروائیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں اور حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔ ہر طرف دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں اور انتظامیہ ان کی پشت پناہی کرتی نظر آ رہی ہے۔ اسلام کی خاطر ملت جعفریہ نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں لیکن ہماری اس امن پسندی کو قائم رہنے دیا جائے اور مجبور نہ کیا جائے کہ لوگ عدلیہ اور انتظامیہ سے مایوس ہو جائیں۔ علامہ غلام حر جعفری نے مزید کہا کہ ہمارے مدارس، مساجد، علما، ذاکرین اور تمام ملی تنظیمیں یکجا و متحد ہیں جو بھی احتجاج کی کال دی جائے گی دنیا دیکھے گی ہماری طاقت کو، انہوں نے کہا کہ یزید عصر ہمیشہ لعنت کا مستحق رہا ہے۔

نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل کے ضلعی رہنما اور جامعہ النقویہ پنجگرائیں کے پرنسپل مولانا غلام حسین الحسینی نے کہا کہ ہمیں علاقہ کا امن بہت عزیز ہے لیکن انتظامیہ یکطرفہ کارروائیاں کر کے لوگوں کا اعتماد ختم کر رہی ہے۔ اس علاقہ میں اہل تشیع اور اہل تسنن ہمیشہ سے امن و سکون اور آشتی سے رہتے آئے ہیں صرف ایک شرپسند تکفیری گروہ علاقہ کا امن خراب کر رہا ہے۔ انتظامیہ شرپسندوں کو لگام دینے کی بجائے شرفائے علاقہ کو تنگ کر رہی ہے اور علاقہ کو دہشت گردی کی آگ میں جھونک رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 230432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش